پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کے بعد رائے ونڈ میں اپنی رہائشگاہ جاتی عمرا پہنچ گئے ہیں۔
نوازشریف کے استقبال کے لیے مسلم لیگ ن کے کارکنان بھی جاتی عمرا پہنچے، اس موقع پر کارکنوں کی جانب سے آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ نوازشریف تقریباً 4 سال بعد وطن واپس پہنچے ہیں۔ آج دن کو نوازشریف دبئی سے خصوصی پرواز کے ذریعے پہلے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں پر قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد لاہور کے لیے روانہ ہوئے۔
مزید پڑھیں
لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد نوازشریف ہیلی کاپٹر کے ذریعے شاہی قلعہ پہنچے اور پھر وہاں سے گاڑی میں بیٹھ کر جلسہ گاہ گئے۔ نوازشریف کا جلسہ گاہ پہنچنے پر کارکنوں کی جانب سے فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔
نوازشریف نے مینار پاکستان لاہور پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے روڈ میپ دے دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کسی سے انتقام نہیں لینا چاہتے بلکہ ملک کو آگے بڑھتے دیکھنا ان کی خواہش ہے۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک نئے سفر کے آغاز کی ضرورت ہے، پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے ضروری ہے کہ ملک کے تمام ستون مل کر آگے بڑھیں۔ ’40 سالہ تجربے کا نچوڑ ہے کہ اکٹھے ہو کر آگے بڑھنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں‘۔
نوازشریف اپنے خطاب کے دوران شعروشاعری کرتے رہے جبکہ عمران خان کا نام لیے بغیر ان پر ہلکی پھلکی تنقید کی بھی کی۔
اس سے قبل جب نوازشریف جلسہ گاہ پہنچے تو مریم نواز جذباتی ہو کر آبدیدہ ہو گئیں۔