نوازشریف کی تقریر پر پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کا ردعمل

ہفتہ 21 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف کے مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔

نوازشریف نے بیانیہ بتانے کے بجائے سی وی پیش کی، فیصل کریم

پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مینار پاکستان جلسہ انتہائی مایوس کن تھا۔ انہوں نے نوازشریف کو مجرم قرار دیتے ہوئے کہاکہ تقریر میں بیانیہ بتانے کے بجائے اپنی سی وی پیش کی گئی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ مجرم نوازشریف کے فنگرپرنٹس پروٹوکول کے ساتھ لیے گئے ہیں اور یہ عدلیہ کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے بہت بڑا یوٹرن لیا ہے، ایک لاڈلے کو جیل میں ڈالا گیا تو دوسرا باہر سے آ گیا ہے۔

انہوں نے نوازشریف کو پاکستان کی تباہی کا مجرم قرار دیتے ہوئے کہاکہ مجرم کو پروٹروکول کے ساتھ ملک واپس لانا انصاف کا جنازہ نکالنا ہے۔

ایک مجرم کو وطن واپسی پر پوری قوم نے مسترد کر دیا، ترجمان تحریک انصاف

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ ایک مجرم کو وطن واپسی پر پوری قوم نے مسترد کر دیا ہے۔ پوری ریاستی مشینری اور وسائل کے ذریعے قومی مجرم کی مردہ سیاست میں جان ڈالنے کی ریاستی کوشش عبرتناک شکست سے دوچار ہوئی ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ قراردادِ پاکستان کے مقام پر ایک قومی مجرم کو کھڑا کرکے بانیانِ پاکستان کی روحوں سے غداری اور تصورِ پاکستان کو پیروں تلے مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ قوم کی جانب سے مسترد کیے جانے والے عدالتوں سے سزا یافتہ مجرم کی تقریر خرافات اور بے معنی تاثرات کا مجموعہ اور مفہوم و مقصد سے خالی تھی۔

کروڑوں پاکستانی قومی مجرم سے پچھلے 18 ماہ کا حساب مانگ رہے ہیں

ان کا کہنا تھا کہ بدترین مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی تباہی کی دلدل میں دھنسے ہوئے کروڑوں پاکستانی اس قومی مجرم سے پچھلے 18 ماہ کا حساب مانگ رہے ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ چھوٹے کے بعد بڑے چور سے توقعات وابستہ کرنے والے ملک کو اس سے بھی بھیانک انجام کی جانب دھکیل رہے ہیں جس کا پاکستان پچھلے 18 ماہ شکار رہا ہے۔

اڈیالہ میں قید قوم کے حقیقی بے گناہ قائد کو رہا کیا جائے

انہوں نے کہاکہ ریاست کا نظامِ اگر باقی ہے تو اڈیالہ میں قید قوم کے حقیقی بےگناہ قائد کو رہا کرے، انتخابات کے شیڈیول کا بلاتاخیر اعلان کیا جائے اور عوام کو فیصلے کا موقع دیا جائے۔ آج کے جلسے سے ثابت ہوگیا کہ اب شکست ہمیشہ ان کا مقدر رہے گی۔

میاں صاحب! پی ٹی آئی قیادت کے خلاف جھوٹے اور من گھڑت کیسز قائم ہیں، اسد قیصر

اس کے علاوہ سابق اسپیکر قومی اسد قیصر نے کہاکہ نوازشریف نے لاہور جلسے میں اپنی مظلومیت کی داستان سنا دی۔ نوازشریف کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف جھوٹے اور من گھڑت کیسز قائم ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے لیے اسٹیٹ پروٹوکول جبکہ ہماری لیڈرشپ کی تضحیک کی جا رہی ہے، پی ٹی آئی کے ساتھ کی جانے والی تمام زیادتیوں کے پیچھے نوازشریف اور ان کی جماعت ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ نواز شریف کی آج کی تقریر اپنے بھائی کی 16 ماہ کی حکومت کے خلاف مکمل چارج شیٹ تھی۔ اگست 2022 کے اعدادوشمار بتائے گئے ہیں اور اس وقت حکومت شہبازشریف کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp