لاہور: پی ٹی آئی کنونشن پر پولیس کا کریک ڈاؤن، 55 کارکنان گرفتار

اتوار 22 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور کے علاقے کاہنہ میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کنونشن پر کریک ڈاؤن کرکے 55 پی ٹی آئی کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے کنونشن منعقد کرانے والے رہنما کے گھر اور دفتر پر بھی چھاپہ مارا، دفتر کے شیشے توڑے اور پی ٹی آئی کے لگے فلیکس اور پوسٹر بھی پھاڑ دیے۔

پی ٹی آئی کی مذمت:

پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کاہنہ میں پی ٹی آئی کنونشن پر پولیس کے کریک ڈاؤن اور کنونشن منعقد کرانے والے رہنما کے دفتر اور گھر پرغیر قانونی چھاپوں کی مذمت کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کی گئی پوسٹوں میں انہوں نے کہا ایک ملک 2 نظام کے تحت پی ٹی آئی ورکرز کنونشن منعقد کرانے والے رہنما کے گھر اور لاء چیمبرز پر چھاپے مارے جارہے ہیں اور توڑ پھوڑ کی جارہی ہے مگر سزا یافتہ، مفرور قیدی میاں نواز شریف کو مکمل پروٹوکول دیا جاتا ہے۔

https://twitter.com/OmarAyubKhan/status/1716019254980399122

عمر ایوب نے کہا کہ کل رات گئے پنجاب پولیس نے سادہ لباس میں مسلح نامعلوم افراد کے ہمراہ بغیر وارنٹ کے ایڈووکیٹ محمد افضل کے گھر پر چھاپہ مارا، ویڈیو میں سادہ کپڑوں میں ڈنڈا بردار لوگوں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، ایڈووکیٹ محمد افضل آج کاہانہ، لاہور میں ہونے والے پی ٹی آئی کے ورکرز کنونشن کے آرگنائزر ہیں۔

ایک ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ویڈیو میں ایک خاتون پولیس سے پوچھتی ہے کہ کیا ان کے پاس تلاشی یا گرفتاری کا وارنٹ ہے جس پر پولیس والے کو واضح طور پر یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ وارنٹ چھوڑو، جس کا مطلب ہے کہ ان کے پاس تلاشی یا گرفتاری کا وارنٹ نہیں تھا اور یہ غیر قانونی چھاپہ ہے۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ پولیس نے کل رات ان کے بھائی کے لا چیمبرز پر بھی چھاپہ مارا اور توڑ پھوڑ کی،  لاہور ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق پی ٹی آئی ورکرز کنونشن کے لیے ڈی سی لاہور نے اجازت دی تھی،  پی ٹی آئی کے کارکن ورکرز کنونشن کے لیے تیار ہیں اور آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی سی پی او لاہور صدیق کمیانہ کو کل ایک اشتہاری سزا یافتہ قیدی میاں نواز شریف کو سیلوٹ کرتے سب نے دیکھا، کمشنر لاہور بھی سی سی پی او کے ساتھ کھڑے تھے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں عدالتی عمل، قانون کی حکمرانی اور آئین دفن ہو چکے ہیں۔

 عمر ایوب کا کہنا تھا کہ تاریخ میں یہ حربے ہمیشہ فاشسٹ حکومتیں استعمال کرتی آئی ہیں، انہیں جرمنی میں ہٹلر نے استعمال کیا، مودی بھارت میں مسلمانوں کے خلاف استعمال کر رہا ہے اور پاکستان میں ان حربوں کو وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی کنونشن کے لیے انتظامیہ نے اجازت دی تھی؟

لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے جمعہ کے روز پی ٹی آئی کو لاہور کے علاقے کاہنہ میں 22 اکتوبر کو حلقہ این اے 123 کاہنہ میں جلسہ کرنے کی اجازت دی تھی۔

اس سے قبل ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو لاہور کے لبرٹی چوک پر جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا جس پر پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کو اجازت نہیں تو پھر کسی کو بھی جلسے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

عدالت نے ضلعی انتظامیہ سے جواب طلب کیا تھا جس پر ڈپٹی کمشنر آفس نے پی ٹی آئی کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں جواب جمع کروایا تھا کہ پی ٹی آئی کو لبرٹی میں جلسے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp