کمپنی ملازمین نے غلط پتہ پر پہنچ کر شہر سے باہر گئی خاتون کا گھر مسمار کر دیا

اتوار 22 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیر وتفریح کے لیے شہر سے باہر جانے والی خاتون گھر لوٹی تو وہاں اسے اپنے گھر کے بجائے ملبے کا ڈھیر ملا، پتہ کرنے پر معلوم ہوا کہ مکان مسمار کرنے والی کمپنی کے ملازمین نے غلطی سے ان کا مکان گرا دیا تھا۔

یہ واقعہ امریکی ریاست اٹلانٹا کی رہائشی خاتون سوزن ہوجسن کے ساتھ پیش آیا۔ اس واقعہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ وہ شہر سے باہر چھٹیاں گزار کر واپس پہنچییں تو انہیں اپنے گھر کے بجائے اس جگہ پر ملبے کا ڈھیر پڑا ہوا ملا۔

سوزن اس واقعہ پر بے حد غمگین اور غصے میں ہیں کیونکہ وہ ان کا آبائی گھر تھا، ان کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعہ کے بعد سو نہیں پارہیں اور صرف ایک ہی بات سوچ رہی ہیں کہ کیا یہ ایک مذاق تھا یا پھر اس کی کوئی اور وجہ تھی۔

مکان گرانے والوں نے خاموش ہوجانے کا کہا

سوزن نے بتایا کہ جب وہ چھٹیوں پر تھیں تو ان کی ایک ہمسائی نے انہیں فون کیا اور پوچھا کہ کیا انہوں نے کسی کو اپنا گھر مسمار کرنے کی اجازت دی ہے۔ سوزن کے انکار پر ان کی ہمسائی نے انہیں بتایا کہ ایک کمپنی کے کچھ لوگ ان کے گھر کو مسمار کر رہے ہیں، جب اس (ہمسائی) نے ان لوگوں سے بات کی تو انہوں نے اسے خاموش ہوجانے کو کہا۔

مکان کا پتہ ہی غلط تھا

سوزن نے بتایا کہ اس نے اپنے رشتہ دار کو اپنے گھر بھیجا کہ جا کر پتہ کرے کہ آخر معاملہ کیا ہے، جب سوزن کے رشتہ دار نے مکان گرانے والی کمپنی کے سپروائزر سے مکان گرانے کا اجازت نامہ طلب کیا تو پتہ چلا کہ مکان گرانے کے لیے آنے والے لوگ غلط پتہ پر آئے تھے۔

بہت دیر ہو چکی تھی

سوزن کے رشتہ دار کے پہنچنے سے پہلے ہی وہ لوگ مکان کو ملبے میں تبدیل کرچکے تھے۔ سوزن نے اس واقعہ کی رپورٹ درج کرائی ہے مگر تاحال اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ سوزن کا کہنا ہے مکان گرانے والی کمپنی ’یو کال اٹ، وی ہال اٹ‘ نے بھی ان سے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا۔

نقصان کے بدلے کیا ملا؟

سوزن کا کہنا ہے کہ کہیں بھی جا کر کسی کا بھی گھر مسمار کر دینا، آخر لوگ کیسے یہ کام کر لیتے ہیں اور انہیں اس بات سے کوئی فرق بھی نہیں پڑتا، شاید وہ لوگوں کے گھروں کو گرانا اپنا حق سمجھتے ہیں اور اپنی غلطی تسلیم بھی نہیں کرتے، یہ ایک حادثہ تھا لیکن اس میں کیسے درست کر سکتی ہوں، میرا گھر گرا دیا گیا اور انہوں نے نقصان کے ازالے کے لیے مجھے کچھ نہیں دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp