’فیسکو‘ نے بجلی چوروں سے 2 ارب 17 کروڑ 80 لاکھ روپے وصول کر لیے

اتوار 22 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے گزشتہ 44 روز کے دوران بجلی چوری کرنے والے 3109 افراد کو گرفتار کر کے ان پر 39 کروڑ 77 لاکھ روپے سے زیادہ کے جرمانے عائد کیے ہیں۔

فیسکو کے ترجمان طاہر شیخ نے اتوار کو بتایا ہے کہ 8.579 ملین سے زیادہ ڈیٹیکشن یونٹس چارج کیے گئے ہیں۔ نادہندگان سے 2 ارب 17 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم بھی وصول کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف تھانوں میں بجلی چوری کے 2996 مقدمات درج ہیں جبکہ پولیس نے اب تک بجلی چوری کرنے والے 2476 کو گرفتار بھی کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیسکو کی ٹیموں نے ضلع فیصل آباد میں 1021 پوائنٹس پر بجلی چوری کا سراغ لگایا اور 2.775 ملین ڈیٹیکشن یونٹس کی مد میں ان پر 129.4 ملین روپے کا جرمانہ عائد کیا۔

ضلع جھنگ میں فیسکو کی ٹیموں نے 309 بجلی چوروں کو پکڑا اور 11 لاکھ 43 ہزار ڈیٹیکشن یونٹس کے تحت 4 کروڑ 78 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔

اسی طرح ضلع بھکر میں بجلی چوری کے 324 واقعات کا سراغ لگایا گیا اور کمپنی نے انہیں 8 لاکھ 36 ہزار ڈیٹیکشن یونٹس کے تحت 4 کروڑ 26 لاکھ روپے جرمانہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع چنیوٹ سے 348 بجلی چور پکڑے گئے اور انہیں 10 لاکھ 64 ہزار ڈیٹیکشن یونٹس کے تحت 3 کروڑ 96 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

ضلع خوشاب میں 102 صارفین بجلی چوری میں ملوث پائے گئے اور انہیں 3 لاکھ 34 ہزار ڈیٹیکشن یونٹس پر ایک کروڑ 60 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔

فیسکو کی ٹیموں نے میانوالی سے 376 بجلی چوری کرنے والوں کو بھی پکڑا اور انہیں 8 لاکھ 45 ہزار ڈیٹیکشن یونٹس پر 3 کروڑ 87 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

ضلع سرگودھا میں بجلی چوری کے 349 واقعات کا سراغ لگایا گیا۔ اس طرح بجلی چوروں پر 8 لاکھ 45 ہزار ڈیٹیکشن یونٹس کے تحت 3 کروڑ 87 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

فیسکو کی ٹیموں نے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے 244 بجلی چوروں کو بھی گرفتار کیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ کمپنی نے 6 لاکھ 24 ہزار ڈیٹیکشن یونٹس پر 3 کروڑ 12 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔

پشاور میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن

ادھر پشاور کے گاؤں قاضی میں بھی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری رہا۔ ایس ڈی او سیٹھی ٹاؤن خالد خان نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ پولیس اور عملے کے ہمراہ مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن میں 32 براہ راست کنڈیاں نکالی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیٹھی ٹاؤن میں آپریشن کے دوران تین شنٹ اور ٹمپرڈ میٹرز ہٹائے گئے اور آپریشن کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے نادہندگان سے 12 میٹر ہٹا کر بجلی نادہندگان سے 7 لاکھ روپے نقد وصول کیے گئے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ بجلی چوری اور دوسرے گھروں میں بجلی فروخت کرنے میں ملوث 2 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور ایک مبینہ ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کرکے تھانہ سیٹھی ٹاؤن پشاور بھیج دیا گیا ہے۔ ایس ڈی او نے بتایا کہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے پولیس اسٹیشن کو خطوط بھیجے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp