امریکا میں حال ہی میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ اکیلے زندگی گزارنے والے بالغ افراد میں کینسر سے موت کا زیادہ خطرہ پایا جاتا ہے۔
امریکن کینسر سوسائٹی کی نئی تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ دوسروں کے ساتھ رہنے والوں کی نسبت اکیلے رہنے والے امریکیوں میں کینسر سے موت کا 32 فیصد زیادہ خطرہ پایا گیا، اکیلے رہنے والے مردوں میں یہ اوسط 38 فیصد جبکہ خواتین میں 30 فیصد تھی۔ اس تحقیق میں 45 سے 64 سال کی درمیانی عمر کے افراد کا ڈیٹا لیا گیا۔ ان اکیلے رہنے والے افراد میں عام لوگوں کی نسبت مجموعی طور پر کینسر سے موت کا 64 فیصد زیادہ خطرہ پایا گیا۔
مزید پڑھیں
امریکن کینسر سوسائٹی کی محقق ہیونجنگ لی کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے ہونے والی تحقیقات میں اکیلے رہنے اور کینسر سے ہونے والی اموات کے درمیان تعلق دکھایا گیا لیکن جنس اور نسل کے لحاظ سے نتائج عام طور پر متضاد رہے اور سماجی و اقتصادی حیثیت کے لحاظ سے اعداد و شمار بھی بہت کم شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ تحقیق کے نتائج عام آبادی اور کینسر سے بچ جانے والے افراد میں تنہا رہنے کی اہمیت بیان کی گئی ہے اور اکیلے رہنے اور سماجی تنہائی کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔ اس تحقیق کے لیے محققین نے نیشنل ڈیتھ انڈیکس سے منسلک امریکا کے نیشنل ہیلتھ انٹرویو سروے کے 1998 سے 2019 تک کے 473,000 بالغ افراد کے ڈیٹا کا استعمال کیا اور اکیلے رہنے اور کینسر سے ہونے والی موت کے درمیان تعلق کا حساب لگانے کے لیے 22 سال کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 2020 میں تقریباً 3 کروڑ 80 لاکھ لوگ گھروں میں تنہا رہتے تھے جبکہ 1960 میں ایسے افراد کی مجموعی تعداد 70 لاکھ تھی۔ اکیلے رہنے والے افراد میں سفید یا سیاہ فام اور بیشتر زیادہ عمر کے مرد جن کی آمدن غربت کی لکیر سے نیچے رہنے والے افراد کے برابرہونے اور ان کے ذہنی دباؤ، موٹاپے، سگریٹ و شراب نوشی میں مبتلا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
تحقیق میں سامنے آیا کہ نسلی یا مذہبی اقلیتوں اور کم تعلیم یافتہ بالغ افراد کی نسبت سفید فام اوراعلیٰ تعلیم یافتہ بالغ افراد میں تنہا رہنے اور کینسر سے موت کے خطرے کے درمیان تعلق بھی زیادہ مضبوط تھا۔ اس تحقیق کے نتائج سے یہ پتہ چلتا ہے کہ نسلی یا مذہبی اقلیتوں اور کم سماجی و اقتصادی حیثیت کے افراد کے درمیان کمیونٹی کی مضبوط سماجی حمایت نے ان افراد میں تنہا رہنے اور کینسر سے ہونے والی موت کے درمیان تعلق کو آسان بنا دیا ہے۔