کوئٹہ میں قندھاری انار کی انٹری، اس میں ایسا خاص کیا ہے؟

پیر 23 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا بھر میں وادی کوئٹہ کو پھلوں کی ٹوکری سے تشبیہ دی جاتی ہے جس کی وجہ یہاں مختلف اقسام کے اعلیٰ ترین پھلوں کی پیداوار ہے۔ یوں تو شہر میں ہر پھل کی بہترین قسم کی پیداوار ہوتی ہے مگر انار کے معاملے میں قندھار کوئٹہ پر بازی لے جاتا ہے۔ جاڑے کی آمد کے ساتھ ہی کوئٹہ میں رس بھرے، لال موتیوں جیسے انار فروٹ منڈیوں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ سر پر تاج سجائے انار پھلوں کا بادشاہ تو نہیں لیکن وزیر ضرور ہے۔

قندھاری انار دوست احباب کو تحفے کے طور پر بھجوایا جاتا ہے، محمد اسلم

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کوئٹہ کے باسی محمد اسلم نے کہاکہ مارکیٹ میں انار آتے ہی اہل خانہ کی فرمائشیں شروع ہو جاتی ہیں۔ یہاں پر لوگ انار نا صرف اہل خانہ کے لیے لے کر جاتے ہیں بلکہ دوست احباب کو تحفے کے طور پر بھی دیتے ہیں۔ انار دیگر پھلوں کی نسبت ذائقہ میں انتہائی لذیذ ہوتا ہے جبکہ اس کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے جو جسم کے لیے بے پناہ مفید ہے۔

ہرسال ہزاروں ٹن قندھاری انار ملک میں لایا جاتا ہے، عبداللہ

انار فروخت کرنے والے عبداللہ نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ قندھاری انار افغانستان کے علاقے اسپن بولدک سے ہوتے ہوئے پاکستان کے ضلع چمن اور پھر چمن سے کوئٹہ لائے جاتے ہیں۔ ہر سال ہزاروں ٹن قندھاری انار ملک میں لایا جاتا ہے جو اپنے منفرد ذائقہ کی وجہ سے جھٹ سے بک جاتا ہے۔

عبداللہ نے بتایا کہ گزشتہ برس کی نسبت اس بار انار کی فی کلو قیمت میں 70 سے 80 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 190 روپے میں فروخت ہونے والے انار کی فی کلو قیمت 270 سے 290 روپے تک ہو گئی ہے۔

انار انسانی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہے، طبی ماہرین

طبی ماہرین کے مطابق ذائقے سے ہٹ کر یہ مزیدار پھل صحت کے لیے بھی بہت زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔اس کو کھانے سے جسم صحت مند ہوتا ہے اور مختلف امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ قدیم زمانے سے یہ پھل انسانوں کی غذا کا حصہ ہے اور اس کے فوائد جاننے کے لیے بہت زیادہ تحقیقی کام بھی ہوا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp