بھارت میں پاکستانی فنکاروں، موسیقاروں اور گلوکاروں کے کام پر پابندی لگانے کی درخواست ممبئی ہائی کورٹ نے مسترد کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ ممبئی ہائیکورٹ میں فیض انور قریشی نامی شخص کی جانب سے دائر پٹیشن میں یہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کسی بھی قسم کی پیشہ ورانہ وابستگی پر پابندی عائد کی جائے۔
ممبئی ہائی کورٹ کے جج جسٹس سنیل شکرے اور جسٹس فردوس پونی والا نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ حب الوطنی سے مراد یہ نہیں کہ ہم دوسروں کے دشمن ہیں، جو شخص دل کا اچھا ہو وہ ہمیشہ ملک اور سرحد پار سے امن اور ہم آہنگی کے فروغ کی سرگرمیوں کا بھی خیرمقدم کرتا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ پاکستانی فنکاروں پر پابندی کی درخواست کا کوئی قانونی جواز نہیں، یہ ثقافتی ہم آہنگی اور امن کو فروغ دینے کی کوششوں سے ایک قدم پیچھے ہٹنے کے مترادف ہے۔