مالدیپ: نو منتخب صدر ڈاکٹر محمد معیزو کا بھارتی فوج کو ملک سے نکال باہر کرنے کا عندیہ

پیر 23 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مالدیپ کے نو منتخب صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے ’انڈیا آؤٹ‘ کو عملی جامہ پہنانے کا اشارہ دے دیا ہے۔

گزشتہ ماہ مالدیپ کے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے ڈاکٹر محمد معیزو نے غیر ملکی خبر رساں ادارے بی بی سی نیوز سے انٹرویو میں کہا ہے کہ ہم مالدیپ کی سرزمین پر کسی غیر ملکی فوجی کو دیکھنا نہیں چاہتے۔

میں نے مالدیپ کے لوگوں سے یہ وعدہ کیا تھا اور میں پہلے دن سے اپنے وعدے پر پورا اتروں گا‘۔’

صدر ’ڈاکٹر محمد معیزو نے کہا کہ انہوں نے اپنی جیت کے چند دن بعد بھارتی سفیر سے ملاقات کی اور ان سے واضح طور پر کہا کہ یہاں پر کسی ایک بھی بھارتی فوجی کو نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’بھارتی فوجیوں کی موجودگی مالدیپ کو خطرے میں ڈال سکتی ہے، خاص طور پر جب ہندوستان اور چین کے درمیان ان کی

ہمالیائی سرحد پر کشیدگی بڑھ رہی ہے، مالدیپ اس کشمکش میں الجھنے کے لیے بہت چھوٹا ہے، ہم اس میں نہیں الجھیں گے۔’

ڈاکٹر محمد معیزو کی جیت سے بھارت کو دھچکا کیوں لگا؟

مالدیپ طویل عرصے سے بھارت کے زیر اثر رہا ہے۔ مالدیپ کے نو منتخب صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے مطالبے سے مالدیپ اور بھارت کے درمیان سفارتی تناؤ پیدا ہونے کا امکان ہے۔

جب ڈاکٹر محمد معیزو نے مالدیپ کے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تو ان کی جیت کو بھارت کے لیے ایک دھچکے کے طور پر دیکھا گیا، اس لحاظ سے کہ مالدیپ کے موجودہ صدر ابراہیم محمد صالح نے 2018 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے بھارت نواز پالیسی اپنا رکھی تھی اور اپنے ملک کو بھارت کے قریب کر دیا تھا۔

نو منتخب صدر ڈاکٹر محمد معیزو اور ان کی اتحادی جماعتیں سابق صدر ابراہیم صالح کی بھارت نواز پالیسی کو مالدیپ کی خود مختاری اور سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتی آئی ہیں۔

بھارت نے مالدیپ کو 22 بلین ڈالر کی ترقیاتی امداد فراہم کی تھی کیوں کہ وہ مالدیپ کے چین کے قریب جزائر پر قدم جمانا چاہتا ہے، اس تناظر میں بھارتی فوجوں کو  مالدیپ سے نکلنے پر مجبور کیا گیا تو یہ دہلی کے لیے ایک دھچکا ہوگا۔

ماضی میں دہلی نے مالدیپ کو جو ‘تحفے’ دیے تھے ( 2010 اور 2013 میں دو ہیلی کاپٹر اور 2020 میں ایک چھوٹا طیارہ ) نے ‘انڈیا آؤٹ’ مہم کو زبردست فروغ دیا ہے۔ کیوں کہ بھارت نے یہ تحفے دیتے وقت کہا تھا کہا کہ جہاز اور ہیلی کاپٹر کو تلاش اور بچاؤ مشن آبی انخلا کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

لیکن 2021 میں مالدیپ کی افواج کی طرف سے کہا گیا کہ تقریباً 75 ہندوستانی فوجی  بھارتی طیاروں کو چلانے اور ان کی دیکھ بھال کے لیے ملک میں مقیم ہیں، اس عمل نے مالدیپ کے اندر بھارت مخالف شکوک اور غصے کو ہوا دی کیونکہ بہت سے لوگوں نے محسوس کیا کہ بھارت نے اس طیارے کے ذریعے اپنے فوجی مالدیپ میں خفیہ طور پر اتارے ہیں اور مزید اتار رہا ہے۔

ابراہیم صالح کا مؤقف کیا ہے؟

صدارتی انتخابات سے قبل بی بی سی سے بات کرتے ہوئے موجودہ صدر مسٹر صالح نے کہا تھا کہ ’ہندوستانی فوجیوں کی مالدیپ میں موجودگی کے خدشات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔

ابراہیم صالح کے برعکس نو منتخب صدر ڈاکٹر محمد معیزو کا مؤقف ہے کہ وہ مالدیپ کے بھارت سے ان تمام معاہدوں کا جائزہ لینا چاہتے ہیں، کیوں کہ انہیں معلوم نہیں کہ ان معاہدوں میں کیا ہے۔

ڈاکٹر محمد معیزو چین سے قریبی تعلقات کے حامی

ڈاکٹر محمد معیزو بھارت کے بجائے چین کے ساتھ قریبی تعلقات کے حامی ہیں۔ چین نے انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے قرضوں اور گرانٹس کی صورت میں مالدیپ میں سیکڑوں ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

ڈاکٹر محمد معیزو کی جیت کے بعد چین نے ان کو مبارک باد دی۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ وہ مالدیپ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور روایتی دوستی کو آگے بڑھانے اور عملی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے نو منتخب صدر معیزو کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ڈاکٹر محمد معیزو کا مؤقف ہے کہ چین کی سرمایہ کاری نے مالے شہر کو تبدیل کیا ہے اور وہاں کے رہائشیوں کو فائدہ پہنچایا۔

’جب ہندوستان اور مغربی قرض دہندگان انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات کی وجہ سے یامین (مالدیپ کے سابق صدر عبداللہ یامین فاتح) کی انتظامیہ کو قرض دینے کے لیے تیار نہیں تھے، یامین جو اس وقت بدعنوانی کے الزام میں 11 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں، نے بیجنگ کا رخ کیا جس نے اسے بغیر کسی شرط کے رقم کی پیشکش کی۔‘

عبداللہ یامین فاتح نے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو میں شمولیت اختیار کی، جس کا مقصد چین اور باقی دنیا کے درمیان سڑک، ریل اور سمندری روابط استوار کرنا ہے۔

ڈاکٹر محمد معیزو کے بارے میں تاثر ہے کہ وہ سابق صدر عبداللہ یامین فاتح ہی کے ایجنڈے کو لے کر چل رہے ہیں۔ انتخاب جیتنے کے فوراً بعد ڈاکٹر محمد معیزو نے موجودہ انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ عبداللہ  یامین کو جیل سے نکالے اور ان کے گھر میں نظر بند کرے۔

بھارتی فوج کو مالدیپ سے نکالنے پر کیا ہو سکتا ہے؟

مالدیپ کے نو منتخب صدر ڈاکٹر محمد معیزو ملک کے خارجی امور میں نئی راہوں پر گامزن ہیں اور اپنے ملک سے بھارتی افواج کو نکالنا چاہتے ہیں جس سے دونوں ممالک میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے، اس بنیاد پرچین اور بھارت کے درمیان بھی تلخی بڑھ سکتی ہے۔

ڈاکٹر محمد معیزو کو تاحال اندرونی طور پر زیادہ مزاحمت کا سامنا نہیں ہے، وہ مالدیپ کو بھارتی اثر و رسوخ سے نکالنے کے لیے پرعزم نظر آتے ہیں لیکن بھارت کو اپنے فوجی واپس بلانے کے لیے راضی کرنا ان کے لیے پہلا بڑا چیلنج ہو سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp