پاکستان کا 1169 گیندوں کے بعد پاور پلے میں پہلا چھکا:’کل عام تعطیل کا اعلان کیا جائے’

پیر 23 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی کرکٹ مینز ورلڈ کپ 2023 کے 22ویں میچ میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میچ بھارت کے شہر چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔

پاکستان کی جانب سے رواں سال  1169 گیندوں کے بعد پاورپلے میں عبداللہ شفیق کی جانب سے چھکا لگایا گیا۔ بعدازاں عبداللہ نے ہی افغان بولر مجیب الرحمان کی گیند پر رواں سال پاورپلے میں دوسرا چھکا لگایا۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان وہ واحد ٹیم تھی جس نے پاور پلے یعنی ابتدائی 10 اوورز کے دوران چھکا نہیں لگایا تھا۔

عبد اللہ شفیق نے چھکا لگایا تو شائقین کرکٹ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کا رخ کیا اور میمز کا ایک انبار لگا دیا۔ کسی کا کہنا تھا کہ شکر کے نوافل ادا کرنے چاہئیں تو کسی نے کہا کہ اس خوشی میں کل عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔

ایکس پر ایک میم پیج بروکن نیوز نامی پیج نے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا پوری قوم کو مبارکباد، پاکستان نے پاور پلے میں چھکا لگا دیا

صارفین کا کہنا تھا کہ پاور پلے میں چھکا نہ لگانے کا پاکستانی ریکارڈ 1169 بالز کے بعد ٹوٹ گیا۔ اسی حوالے سے ایک صارف نے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: پاور پلے میں چھکا لگنے کی اتنی خوشی کبھی نہیں ہوئی۔

https://twitter.com/zakria_rasheed/status/1716384044890673452

صارفین کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی جانب سے پاور پلے میں چھکا لگانا کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔ ایک صارف نے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا پاکستانی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ 1170 گیندوں کے بعد پاور پلے میں پہلا چھکا لگا لیا۔ عبداللہ شفیق نے یہ کارنامہ انجام دیا۔

واضح رہے کہ اگر پاکستان  آج کا میچ ہار جاتا ہے تو باقی  میچز میں ‘مارو یا مر جاؤ’ والی صورتحال ہو گی۔ افغانستان کی ٹیم کو اگر شکست ہو جاتی ہے تو شاید یہ اس کے لیے ورلڈ کپ جیتنے کا سفرختم ہو جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp