فیکٹ چیک: کیا مفتاح اسماعیل ایم کیو ایم جوائن کر رہے ہیں؟

پیر 23 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ 2 روز سے میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ سابق وفاقی وزیر خزانہ و مسلم لیگ ن کے باغی رہنما مفتاح اسماعیل اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینیئر رہنما فاروق ستار کی ملاقات ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فاروق ستار نے اس ملاقات میں مفتاح اسماعیل کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت دی ہے، کچھ میڈیا ہاؤسز نے فاروق ستار سے منسوب یہ بیان بھی چلایا کہ مفتاح اسماعیل نے ایم کیو ایم میں شمولیت سے متعلق کہا ہے کہ وہ سوچ کر جواب دیں گے۔

فاروق ستار نے اس خبر پر کیا موقف اپنایا؟

ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما فاروق ستار سے جب وی نیوز نے خبر کی تصدیق کے لیے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ باتوں باتوں میں مفتاح اسماعیل کو کہا ’اگر آپ آج کل فارغ ہیں تو آجائیں ہمارے ساتھ مل کر کام کریں‘۔

فاروق ستار نے کہاکہ یہ ایک عام سی بات تھی جو رواں روی میں کہی گئی، خوامخواہ لوگوں نے اس بات کا بتنگڑ بنا دیا ہے، انہوں نے کہاکہ اس خبر میں کوئی جان نہیں ہے اس کو رہنے دیں۔

فاروق ستار نے 2 نجی چینلز کا نام لیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اس بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا حالانکہ ایسی کوئی بات نہیں تھی، باتوں باتوں میں کہا تھا کہ ساتھ آئیں کام کریں اگر فارغ ہوں تو بس۔ ہم نے مفتاح اسماعیل کو باقاعدہ ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت نہیں دی۔

مفتاح اسماعیل کیا کہتے ہیں؟

وی نیوز نے مفتاح اسماعیل سے ان کا موقف جاننے کے لیے رابطے کی کوشش کی لیکن انہوں نے فون کال نہیں لی جس کے باعث ان کا اس معاملے پر موقف سامنے نہیں آسکا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp