وہ ویب سائٹس جہاں سے خلیجی ممالک میں ملازمت کے لیے باآسانی اپلائی کیا جا سکتا ہے

منگل 24 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اس وقت معاشی اور انتظامی مسائل سے دوچار ہے جس کی وجہ سے ملک کی نصف سے زائد آبادی بیرون ملک ملازمت اور اپنا مستقبل بنانے کو ترجیح دے رہی ہے۔ معیشت اور روزگار کے شعبے تیزی سے مہنگائی، پاکستانی روپے بے قدری کی وجہ سے سست روی کا شکار ہیں۔

جہاں پاکستان میں ملازمت کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں وہیں پاکستانیوں کے لیے جنت سمجھے جانے والے خلیجی ممالک روزگار کے بےتحاشہ مواقع لیے موجود ہیں لیکن یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ان ممالک میں ملازمت کیسے تلاش کی جائے اور اس کے لیے درخواستیں کیسے دی جا سکتی ہیں۔

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے درج ذیل پانچ ایسی ویب سائٹس سے ہیں جہاں سے آپ باآسانی خلیجی ممالک میں نوکری ڈھونڈ اور اس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ ان ویب سائٹس میں ہر جاب ویکنسی کے ساتھ اس کی مختصر معلومات بھی درج ہیں۔

بیٹ ڈاٹ کام (Bayt.Com)

Bayt.com مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں ملازمتوں کی تلاش کے لیے ایک کمپنی ہے، اس ویب سائٹ پر روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں نئی ​​ملازمتوں کی فہرست ہوتی ہے۔ اس ویب سائٹ پر کسی نوکری کی درخواست دینے کے لیے سب سے پہلے آپ کو اپنی پروفائل بنانی ہوگی جس میں آپ کی ذاتی معلومات ، تعلیم ، کام کا تجربہ شامل ہوگا۔

گلف ٹیلنٹ (Gulf Talent)

گلف ٹیلنٹ سائٹ خلیجی ممالک، خاص طور پر متحدہ عرب امارات،سعودی عرب ، عمان، اور قطر میں ملازمت کی تلاش کے لیے بہترین ویب سائٹ ہے۔آپ گلف ٹیلنٹ پر بطور آجر یا جاب سیکر خود کو رجسٹر کر سکتے ہیں۔ اس وقت اس ویب سائٹ پر تقریبا 10,000 آجر رجسٹرڈ ہیں، اور 9 ملین ملازمت کے مواقع ڈھونڈنے والے افراد رجسٹرڈ ہیں۔

دبئی کیریئرز(Dubai Careers)

متحدہ عرب امارات میں سرکاری نوکری حاصل کرنے کے خواہشمند افراد اس ویب سائٹ سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ اس ویب سائٹ پر ملازمت کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار انتہائی آسان ہے جہاں پروفائل بناتے ہوئے اپنی معلومات درج کرنے کے بعد آپ کو متعلقہ سرکاری محکمہ کا انتخاب کرنا ہوگا جہاں آپ ملازمت کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ پروفائل بنانے کے بعد ایک یا ایک سے زیادہ محکموں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

ویکنسیز ڈاٹ اے ای (Vacancies.ae)

یہ جاب پورٹل متحدہ عرب امارات کے اندر اور باہر ہر ملازمت تلاش کرنے والے افراد کے لیے ایک پیشہ ورانہ نیٹ ورک فراہم کرتا ہے۔ اس پورٹل کی مدد سے آپ جز وقتی ، کل وقتی اور ریموٹ جابز کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔

نوکری گلف (Naukri Gulf)

اس ویب سائٹ پر بھی رجسٹریشن بالکل مفت ہے جس کے بعد آپ اپنی پروفائل بنا کر مطلوبہ جاب کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ ان ویب سائٹس پر پروفائل بنانے کے لیے آپ کے پاس ایک پروفیشنل سی وی اور کور لیٹر ہونا ضروری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp