امریکی ریاست فلاڈیلفیا میں سکوں سے بھرے ٹریکٹر ٹرالر سے لاکھوں سکے (ڈائمز) چوری کرنے والے 4 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
سکوں کی چوری کا واقعہ رواں برس 13 اور 14 اپریل کی درمیانی شب پیش آیا تھا جب ریاست فلاڈیلفیا میں قائم ٹکسال سے ایک ٹریکٹر ٹرالر 7 لاکھ 50 ہزار ڈالر مالیت کے 20 لاکھ سکے لے کر میامی، فلوریڈا کے لیے روانہ ہوا۔ ان سکوں کا کل وزن 6 ٹن تھا۔ رات کا وقت ہوا تو ڈرائیور نے ٹرالر کو ایک پارکنگ ایریا میں کھڑا کیا اور خود سونے کے لیے چلا گیا۔
رات کے کسی پہر کچھ چور آئے اور ٹرالر کے اندر گھس کر2 لاکھ سے زائد مالیت کے سکے چوری کر کے فرار ہوگئے۔ پولیس کی جانب سے جاری کی گئی سرویلنس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 6 افراد نے بولٹ کٹرز کی مدد سے ٹرالر کے تالے توڑے اور اس کے اندر داخل ہوگئے، انہوں نے سکوں کو چھوٹے چھوٹے بیگز میں ڈالا اور جب وہ وہاں سے فرار ہونے لگے تو ہزاروں سکے پارکنگ ایریا میں بکھر گئے۔
مزید پڑھیں
اس عجیب و غریب چوری کے مقدمے میں جن 4 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے، اس کے مطابق ان ملزمان نے کل 2 لاکھ 34 ہزار 500 ڈالر مالیت کے سکوں کی چوری کی ہے۔ فردِ جرم میں یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ ملزمان نے چوری کے بعد میری لینڈ میں کوائن مشینوں اور 4 مختلف بینکوں کے ذریعے ہزاروں ڈائمز کو نقد رقم میں تبدیل کیا تھا۔
حکومتی وکیل کا کہنا ہے سکوں کی چوری کے واقعہ کی کڑی دیگر وارداتوں سے ملتی ہے جن میں اسی طرح ٹریکٹر ٹرالرز سے فروزن کیکڑے، جھینگے، شراب اور بیئر کی چوری ہوئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق اگر عدالت ان ملزمان کو قصوروار ٹھہراتی ہے تو انہیں دہائیوں تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔