بھارت میں جاری آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ میگا ایونٹ میں اب تک 23 میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں اب تک 03 بڑے اپ سیٹ ہوچکے ہیں۔ پہلے اپ سیٹ میں افغانستان کی ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دی تھی، دوسری اپ سیٹ شکست جنوبی افریقہ کی ٹیم کو نیدرلینڈز کے ہاتھوں ہوئی جبکہ تیسری اپ سیٹ شکست پیر کے روز افغانستان کے ہاتھوں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حصے میں آئی۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا 24 واں میچ آج آسٹریلیا اور نیدر لینڈز کی ٹیموں کے خلاف کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم، نئی دہلی میں پاکستانی وقت کے مطابق دن 01:30 بجے ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔
ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر
آسٹریلیا نے اب تک ورلڈ کپ میں 04 میچز کھیلے ہیں جن میں 02 جیتے جبکہ دو ہارے ہیں دوسری جانب نیدر لینڈز کی ٹیم نے اب تک 04 میچز میں سے صرف ایک میچ جیتا ہے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ
آسٹریلیا اور نیدر لینڈز کی ٹیمیں ایک روزہ میچز میں اب تک 02 بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئی ہیں اور دونوں ہی میچز آسٹریلیا نے جیتے ہیں۔
ایک روزہ میچز میں اسکور کا ریکارڈ
آسٹریلین ٹیم نے اپنی ایک روزہ میچز کی تاریخ کا سب سے زیادہ اسکور سنہ 2006 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 434 رنز بنایا ہے جبکہ آسٹریلیا کا کم ترین اسکور نیوزی لینڈ کے خلاف سنہ 1986 میں 70 رنز ہے۔
نیدر لینڈز کی ٹیم کا ایک روزہ میچز میں اب تک سب سے زیادہ رنز 374 ہے جبکہ 80 رنز ان کا کم ترین اسکور ہے۔ نیدر لینڈز نے اپنا سب سے زیادہ اور سب سے کم اسکور ایک ہی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف بنائے ہیں۔
پچ رپورٹ
ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم، نئی دہلی کی پچ پر اب تک رواں ورلڈ کپ کے 03 میچز کھیلے جاچکے ہیں۔ تینوں میچز میں اس پچ پر مختلف اسکور بنا ہے۔ اب تک کھیلے جانے والے میچز میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کے خلاف 428 رنز بنائے، بھارت نے افغانستان کے خلاف 273 جبکہ افغانستان نے انگلینڈ کے خلاف اس پچ پر 286 رنز کا کامیاب دفاع کیا ہے۔
اس پچ پر کھیلے گئے آخری 10 میچز کا اوسط اسکور 258 رنز ہے اور پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں کی جیت کا مارجن 60 فیصد ہے تو امید یہی ظاہر کی جارہی ہے کہ جو بھی ٹیم ٹاس جیتے گی پہلے بلے بازی کرنے کو ترجیح دے گی۔ یہ پچ اسپنرز کے لیے کافی فائدہ مند ثابت ہوگی جیسے جیسے میچ میں وقت گزرتا جائے گا یہ پچ ’سلو‘ کھیلنا شروع ہو جائے گی۔
موسم کی صورتحال
نئی دہلی میں آج مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گا اور ہوا میں نمی کا تناسب 21 فیصد رہے گا۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا کی ٹیم 04 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ نیدر لینڈذ کی ٹیم 07 ویں پوزیشن پر ہے۔ میزبان بھارت 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے، جنوبی افریقہ دوسری جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم تیسری پوزیشن پر ہے۔
آسٹریلیا کا اسکواڈ
پیٹ کمنز (کپتان)، اسٹیو اسمتھ، الیکس کیری، جوش انگلیس، سین ایبٹ، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبوشینگ، مچل مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ وارنر، ایڈم زمپا، مچل اسٹارک۔
نیدر لینڈز کا اسکواڈ
سکاٹ ایڈورڈز (کپتان)، میکس او ڈاؤڈ، باس ڈی لیڈے، وکرم سنگھ، تیجا ندامانورو، پال وین میکرین، کولن ایکرمین، رولوف وین ڈیر مروے، لوگن وین بیک، آرین دت، ریان کلین، ویسلے بیریسی، ثاقب ذوالفقار، شاریز احمد، سائبرینڈ اینجلبرچٹ۔
آج کے میچ میں کون سے ریکارڈز بن سکتے ہیں؟
آسٹریلوی ٹیم کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک اگر آج کے میچ میں دو وکٹیں لینے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ سری لنکا کے فاسٹ بولرلاستھ ملنگا کا ریکارڈ توڑ کر ایک روزہ میچز کے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دنیا کے تیسرے بولر بن جائیں گے۔
آئی سی سی مینز کے ایک روزہ میچز میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے ہی سابق فاسٹ بولر گلین میک گراتھ کے پاس ہے انہوں نے عالمی مقابلوں میں 71 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس لسٹ میں دوسرا نام سری لنکا کے سابق جادو گر اسپنر متھیا مرلی دھرن کا ہے جنہوں نے عالمی کپ میں 68 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ لاستھ ملنگا 56 وکٹیں لے کر تیسرے نمبر پو موجود ہیں۔