‘آپ کو سیاست کا تو پتہ نہیں اور کرکٹ کا تو سرے سے پتہ نہیں ہے’، فواد چودھری کو کرکٹ پر تبصرہ کرنا مہنگا پڑ گیا

بدھ 25 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت میں موجود ہے جہاں ان کی کارگردگی انتہائی مایوس کن ہے ۔ گزشتہ روز افغانستان سے اپ سٹ شکست کے مداحوں سمیت سابق کرکٹرز نے ٹیم کو خوب آڑے ہاتھوں لیا، کسی نے بری فٹنس کو وجہ قرار دیا تو کسی کا کہنا تھا کہ بہت زیادہ لائم لائٹ مل جانے کی وجہ سے ٹیم کی کارگردگی انتہائی مایوس کن ہے۔

جہاں کھلاڑیوں پر تنقید کی جارہی ہے وہیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے کی مہم بھی زور پکڑتی جا رہی ہے ، صارفین اور تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ بابر اعظم کھلاڑی تو ورلڈ کلاس ہیں لیکن کپتانی ان کے بس کی بات نہیں ہے۔

اسی حوالے سے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری  نے ایکس پر بابر اعظم کے حق میں پوسٹ کی تو صارفین نے ان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا، فواد چودھری نے لکھا پاکستان کو بابر اعظم کو کپتان رکھنا چاہیے، یہ ٹیم بہترین ٹیم ہے،ہمیں ڈومیسٹک اسٹرکچر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید لکھا پاکستان کے پاس اسپنرز اور لوئر آرڈر بلے بازوں کی کمی ہے۔ ہماری پاس کوئی ایسا کھلاڑی نہیں ہے جو بابر کی برابری کر سکے، سرفراز کو اب ریٹائر ہو جانا چاہیے اور رضوان کے پاس ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے ابھی وہ بیلنس نہیں ہے۔

فواد چودھری کی پوسٹ کرنے کی دیر تھی کہ صارفین نے تبصروں کا ایک طوفان برپا کردیا ، کسی نے بابر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا تو کسی نے فواد چودھری کو آڑے ہاتھوں لیا، ایک صارف نے مشورہ دیتے ہوئے لکھا سر آپ سیاست پر دھیان دیں۔

بابر اعظم کے حق میں پوسٹ کرنے پر ایک صارف نے فواد چودھری کے بارے میں لکھا انہوں نے سوچا ہوگا ہر طرف سے تنقید ہورہی ہے بابر اعظم کے حق میں ٹویٹ کردیتا ہوں لوگ مجھے بھی سپورٹ کرنے لگ جائیں گے۔

بابر اعظم کے حق میں تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا بابر ایک اچھا کپتان اور ساتھ ہی ایک ورلڈ کلاس سٹار کھلاڑی ہے۔ تنقید ہمارے لوگوں کا وطیرہ ہے۔

https://twitter.com/IQbalMarwat10/status/1717081372785795209

ایک اور صارف نے لکھا بورڈ میں تبدیلیاں استحکام سے آئیں گی یا تبدیلیوں سے استحکام آئے گا؟

ایک صارف نے فواد چودھری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا آج پتہ چلا خان صاحب کو آپ کی بالکل بھی سننی نہیں چاہیے تھی۔ آپ کو سیاست کا تو پتہ نہیں اور کرکٹ کا تو سرے سے پتہ نہیں۔ رضوان نے تین ڈومیسٹک جتائے ہیں ۔ تین بار پی ایس ایل کے فائنل تک پہنچا۔ ایک ٹرافی اُٹھائی۔ بابر پریشر میں صیحح فیصلے نہیں لیتا۔ یہ فارغ ٹیم ہے اور بہت اچھے لڑکے ہیں۔

https://twitter.com/Anwarbabar/status/1717101230084747679

واضح رہے کہ ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں افغانستان کی ٹیم نے پہلی بار پاکستانی ٹیم کو ہرایا ہے جس کے بعد سے سوشل میڈیا پر صارفین پاکستان کرکٹ ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp