روس کے یوکرین پر حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر یوکرین نے خصوصی کرنسی نوٹ جاری کر دیا ہے۔
نیوز24 کے مطابق روس کے یوکرین پر حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر یوکرین کے مرکزی بینک نے جمعرات کو ایک یادگاری کرنسی نوٹ جاری کیا۔
مرکزی بینک کی جانب سے یوکرینی کرنسی Hryvnia کا 20 کا خصوصی نوٹ جاری کیا گیا جس کے ایک طرف تین فوجیوں کو قومی پرچم بلند کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
نوٹ کی دوسری طرف رسی سے بندھے ہوئے دو ہاتھوں کی تصویر ہے جو مبینہ طور پر جنگی جرائم کی نشاندہی کرتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق نیشنل بینک آف یوکرین کے گورنر نے کہا کہ جنگ کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ہم نے ایک یادگاری نوٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا جو کاغذ کے ایک چھوٹے سے ٹکڑے پر سال بھر کے جذبات، مواد اور مشہور چیزوں کی عکاسی کرے گا۔
یوکرین کے مرکزی بینک کے حکام نے کہا کہ اس نوٹ کو ڈیزائن اور تیار کرنے میں تقریباً 8 ماہ لگے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 24 فروری 2022ء کو روس کی جانب سے یوکرین پر حملہ کرتے ہوئے جنگ کا اعلان کیا گیا تھا۔
گزشتہ سال سے اب تک روس یوکرین جنگ میں 42 ہزار سے زائد افراد جان سے گئے جبکہ 56 ہزار سے زائد شہری زخمی ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ 15 ہزار افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔