کرکٹ ورلڈ کپ : سری لنکا اور انگلینڈ آج بنگلورو میں آمنے سامنے ہوں گے

جمعرات 26 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں نصف میچز مکمل ہو چکے ہیں۔ میگا ایونٹ کے کُل 48 میچوں میں سے 24 میچز کھیلے جاچکے ہیں تاہم شائقین کو رواں ورلڈ کپ میں اب تک کانٹے دار مقابلے کا انتظار ہے۔

بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے حصے کا پہلامیچ آج انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں چنا سوامی کرکٹ اسٹڈیم،  بنگلورو میں پاکستانی وقت کے مطابق دن 01:30 بجے آمنے سامنے آئیں گی۔

ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر

رواں ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کی اب تک کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ افغانستان کی ٹیم نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو رواں ورلڈ کپ میں اپ سیٹ شکست بھی دی ہے۔ دونوں ٹیموں نے اب تک ورلڈ کپ میں 04 میچز کھیل کر صرف ایک میچ جیتا ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

ایک روزہ میچز کی تاریخ میں دونوں ٹیموں نے اب تک 78 بار ایک دوسرے کا مقابلہ کیا ہے جن میں انگلینڈ نے 38 جبکہ سری لنکا نے 36 بار جیت سمیٹی ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ایک میچ برابر رہا اور 03 میچز بغیر نتیجہ رہے۔

ایک روزہ میچز میں اسکور کا ریکارڈ

انگلینڈ نے اپنی ایک روزہ میچز کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور سنہ 2022 میں نیدر لینڈز کے خلاف بنایا ہے۔ انہوں نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 04 وکٹوں کے نقصان پر 498 رنز بنائے تھے جبکہ آسٹریلیا کے خلاف سنہ 2001 میں 86 رنز ان کا ایک روزہ میچز میں کم ترین اسکور ہے۔

سری لنکا کی ٹیم کا ایک روزہ میچوں میں سب سے بڑا اسکور سنہ 2006 میں نیدر لینڈز کے خلاف 09 وکٹوں کے نقصان پر 443 رنز ہے جبکہ سنہ 2012 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ان کی پوری ٹیم 43 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی جو کہ ان کا ایک روزہ میچز میں اب تک کا کم ترین اسکور ہے۔

پچ رپورٹ

چنا سوامی کرکٹ اسٹڈیم،  بنگلورو اپنی چھوٹی باؤنڈریز کی وجہ سے بیٹرز کے لیے جنت تصور کیا جاتا ہے۔  اس میدان پر رواں ورلڈ کپ کا آخری میچ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا تھا جس میں 95.3 اوورز میں مجموعی طور پر 672 رنز بنے تھے۔

چنا سوامی کرکٹ اسٹڈیم، بنگلورو (بھارت)

اس میدان پر کھیلے گئے آخری 20 ایک روزہ میچز میں پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیموں کا اوسط اسکور 251 رنز ہے۔ جو بھی ٹیم ٹاس جیتے گی وہ یقینی طور پر پہلے بلے بازی کرنے کو ترجیج دے گی۔

اگرچہ اس پچ پر فاسٹ بولرز نے 67 فیصد وکٹیں لی ہیں لیکن بیٹرز نے اس پچ پر فاسٹ بولرز کا بھرکس بھی بہت نکالا ہے۔

موسم کی صورتحال

بنگلورو میں آج میچ کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.6 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 28 فیصد ہو گا۔

پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال

آئی سی سی مینز ورلڈ کپ میں پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال ہر گزرتے میچ کے ساتھ انتہائی دلچسب ہوتی جا رہی ہے۔ دفاعی چیمپئن انگلینڈ 02 پوائنٹس کے ساتھ 08 پوزیشن پر ہے جبکہ سری لنکا کی ٹیم 02 پوائنٹس اور بہتررن ریٹ کے ساتھ 07 ویں پوزیشن پر ہے۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023، پوائنٹس ٹیبل

میزبان بھارت رواں ورلڈ کپ میں اب تک ناقابل شکست ہے اور  10 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے، جنوبی افریقہ دوسری جبکہ نیوزی لینڈ تیسری اور آسٹریلیا کی ٹیم چوتھی پوزیشن پر ہے۔

انگلینڈ کا اسکواڈ

معین علی، جونی بیئرسٹو، ہیری بروک، بین اسٹوکس، لیام لیونگ اسٹون، ڈاوڈ ملان، سیم کرن، جوروٹ، عادل رشید، اٹکنسن، ریس ٹوپلے، ڈیوڈ ولے، مارک ووڈ اور کرس ووکس

سری لنکا کا سکواڈ

داسن شاناکا (کپتان)، کوسل مینڈس ، کوسل پریرا، پاتھم نسانکا، لاہیرو کمارا، دیموتھ کرونارتنے، سدیرا سماراویکرما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، مہیش تھیکشانا، دونتھ ویلالگے ، کسون راجیتھا، اینجلو میتھیوز، دلشن مدھو شنکا، دوشان ہیمناتھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp