ایف آئی اے خیبر پختونخوا زون نے سوات اور ایبٹ آباد میں کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کرتے ہوئے بڑی تعداد میں غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق پہلی کارروائی میں کمرشل بینکنگ سرکل پشاور نے حوالہ ہنڈی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 35 لاکھ 50 ہزار روپے، 5 ہزار سعودی ریال، 18 سو یو اے ای درہم، 29 سو امریکی ڈالر، 10 ہزار جاپانی ین اور سو برطانوی پاؤنڈز بھی برآمد کیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھے اور برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔
دوسری کاروائی میں ایف آئی اے کمپوزیٹ سرکل ایبٹ آباد نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے جو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے فراڈ کا مرتکب ہوچکا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم بغیر لائسنس کے بیرون ملک ملازمت کے نام پر پیسے بٹور رہا تھا، 2 مقدمات میں مطلوب ملزم یورپ ملازمت کے نام پر متعدد شہریوں سے 52 لاکھ روپے وصول کر چکا تھا۔
’ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، گرفتار ملزمان میں عمر، شیراز، اور جلال احمد شامل ہیں، جنہیں
سوات اور ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔‘