نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کہتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) ممبرز پاکستان میں کان کنی، آئی ٹی اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ سی پیک علاقائی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، سی پیک سے ایس سی او ممالک کے روابط کو فروغ ملے گا اور خطے میں ترقی کا سفر مزید آگے بڑھے گا۔
نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ ایران کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا مکمل رکن بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، اور ایس سی او میں باقاعدہ شامل ہونے پر ایران کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایس سی او میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے اور کرتا رہے گا۔ ایس سی او فورم امن اور معیشت کی بحالی کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔ ہمیں ہر میدان میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایس سی او فورم اہم کردار ادا کررہا ہے۔ پاکستان ایس سی او فورم کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان چاہتا ہے کہ ایس سی او فورمز ممبران ایک دوسرے کے ساتھ سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں امن افغانستان کے امن سے جڑا ہے۔ ایس سی او ممالک کو افغانستان میں امن کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا اور دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔