20 منٹ میں جرائم کی 7 وارداتیں، لاہور کی کس گلی کی بد نصیبی؟

جمعرات 26 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور شہر میں آئے روز ڈکیتی و رہزنی کی وارداتیں بڑھتی جارہی ہیں۔ شہری اپنے آپ کو محفوظ کرنے رکھنے کے لیے کتنے ہی جتن کرلیں لیکن گن پوائنٹ پر بے بس ہوجاتے ہیں، جو پاس ہوتا ہے وہ فوری ڈاکوؤں کے حوالے کردیتے ہیں۔

ایسی ہی کئی وارداتیں  لاہور کی اس گلی میں ہوئی ہیں جہاں نہ صرف پولیس اسٹیشن واقع ہے بلکہ وہاں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب تھے، لیکن پھر  بھی ڈاکو 20 منٹ کے عرصے میں بآسانی جرائم کی 7 مختلف وارداتوں کا کامیابی سے ارتکاب کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

سامنے آنے والی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ والد اپنی بیٹی کو اسکول چھوڑنے کے لیے گھر سے نکلتا ہے، بیٹی گھر کا دروازہ بند کر کے موٹر سائیکل پر بیٹھتی ہے تو اسی اثنا میں دو نقاب پوش ڈاکو دن دہاڑے راہگیروں کے سامنے موٹر سائیکل سوار شہری سے گن پوائنٹ پر موبائل فون چھین لیتے ہیں اور جاتے ہوئے موٹر سائیکل کی چابی بھی ساتھ لے جاتے ہیں، ساتھ کھڑی چھوٹی بیٹی یہ ورادت ہوتے دیکھتی ہے اور سہم سی جاتی ہے۔

لاہور کے نسبتاً جدید علاقے واپڈا ٹاؤن کی اس گلی میں رہزنی کی یہ اس دن کی پہلی واردات ضرور تھی مگر ایک تسلسل سے یہ اگلی کئی وارداتوں کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔

ڈاکوؤں کے اوقات کار کیا ہیں؟

واپڈا ٹاؤن کی وہ گلی جہاں صبح کے وقت ابھی گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل سوار واردات ہوئی تھی کہ  ایک اور رپورٹ ہو گئی یہ واردات ایک کالج کے پروفیسر کے ساتھ ہوئی جو کالج جانے کے لیے ابھی گھر سے نکلے ہی تھے کہ ڈاکو ان کے پاس آئے اور جو کچھ پروفیسر صاحب کے ہاتھ میں تھا چھین کر چلتے بنے۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے پروفیسرصاحب نے بتایا کہ ایک لیپ ٹاب اور کچھ نقد رقم ڈاکو ان سے گن پوائنٹ پر چھین کر فرار ہوگئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پولیس اسٹیشن اسی گلی میں واقع ہے جہاں واردات ہوئی تھی، اور جہاں پولیس اہکار بھی تھانے کے باہر موجود ہوتے ہیں لیکن پھر بھی دن دہاڑے یہ وارداتیں ہورہی ہیں۔

پروفیسر صاحب کی کہانی کا المیہ یہ ہے کہ وہ رہزنی کا شکار ہونے کے بعد گھر واپس جاکر اپنے دوست کو ساتھ لیکر تھانے کی طرف روانہ ہوئے تو انہی ڈاکوؤں نے دوبارہ پروفیسر صاحب کو دھر لیا اور اس دفعہ ان کے پاس جو کچھ تھا وہ تو گیا ہی گیا بلکہ دوست بھی نقد رقم سمیت آئی فون سے محروم کردیا گیا۔

اس واردات کو مکمل کرنے کے بعد اسی گلی کے ساتھ اسکول اور کالج جاتے ہوئے طلبا کو بھی وہی ڈاکو دھر لیتے ہیں جو ابھی پچھے تین ورادتیں کر کے نکلے تھے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ڈاکواؤں کا یہ معمول بن گیا ہے، اسکول ،کالج دفتری اوقات میں شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن پولیس نزدیک موجود ہوتے ہوئے بھی کچھ نہیں کر پا رہی۔

علاقہ مکین آپ اپنی حفاظت کے لیے گلی اور گھر کے باہر لوہے کے بیریئرز نصب کروارہے ہیں اور پولیس کی موجودگی میں سیکیورٹی گارڈز گلی کے اطرف میں تعینات کر رہے ہیں کیونکہ پولیس ان ڈاکوؤں کو پکڑنے میں ناکام نظر آتی ہے۔

پولیس کا موقف کیا ہے ؟

واپڈا ٹاؤن میں 20 منٹ میں 7 وارداتوں پر پولیس کا موقف ہے کہ ورادتیں 7 نہیں 4 ہوئی تھیں، تھانہ واقعی اس گلی میں موجود ہے، یہی وجہ ہے کہ علاقہ مکینوں کی درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ڈاکوؤں کو گرفتار  بھی کرکے ان کی شناخت پریڈ کروائی جارہی ہے۔ مذکورہ علاقے میں پولیس کی نفری بڑھاتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی کوشش کی جارہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp