لاڈلے نواز شریف کے لیے سارے ریلیف اور باقیوں کے لیے سختی ہے، پرویز الہی

جمعرات 26 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے لیے ہی سارے ریلیف ہیں اور مجھے ضمانت پر ہونے کے باوجود تنگ کیا جا رہا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں کے مقدمے میں اینٹی کرپشن کورٹ میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الہی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ خصوصی انصاف کیا صرف شریفوں کے لیے ہے؟ نواز شریف اور شہباز شریف کے لیے ہی سارے ریلیف ہیں جبکہ ہم 5 ماہ سے ہم ضمانت پر ہیں پھر بھی ہمیں تنگ کیا جا رہا ہے۔

چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ انصاف تو وہ ہے جس کو عوام تسلیم کرے اور انصاف ہوتا نظر بھی آئے، ہم نے ہمیشہ اداروں اور عدالتوں کا احترام کیا ہے اور شریفوں نے ہمیشہ ججز کے خلاف سخت باتیں کی ہیں یہ کہاں کا انصاف ہے؟

انہوں نے کہا کہ لاڈلے نواز شریف کے لیے سارے ریلیف اور باقیوں کے لیے سختی ہے، نواز شریف ججز کے خلاف بولتے ہیں کیا جج وہ باتیں بھول گئے ہیں۔

اس سے قبل اینٹی کرپشن نے پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ کے لیے پرویز الہٰی کو عدالت میں پیش کیا۔

اس موقع پر پرویز پرویز الہی کے وکلاء نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کردی، پرویز الہی کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ پرویز الہی کا معاملہ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، پرویز الہی کی سینیر لیگل ٹیم ہائیکورٹ میں مصروف ہے، ہائیکورٹ نے سماعت ملتوی کی ہے اور پراسیکیوٹر جنرل طلب کیا ہے۔

اینٹی کرپشن نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ پرویز الہٰی سے تحقیقات درکار ہیں، ماضی میں اس مقدمے میں ان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا، جیل بھجوائے جانے کے بعد ان کے وکلاء نے ضمانت دائر کی، لاہور ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن کو تحقیقات کے لیے ریمانڈ دینے کی اجازت دی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp