وسیم اکرم نے بابر اعظم کو کیوں کچھ نہیں سکھایا جب وہ کراچی کنگز کا کپتان تھا؟ عامر سہیل کی وسیم اکرم پر تنقید

جمعرات 26 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت بھارت میں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے موجود ہے جہاں ان کی کارگردگی انتہائی مایوس کن ہے۔ خراب پرفارمنس پر جہاں شائقین کرکٹ نے کرکٹ ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں سابق کھلاڑی بھی آئے روز ٹی وی چینلز اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر کھلاڑیوں کو خوب آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔

افغانستان سے شکست کے بعد سابق کپتان وسیم اکرم نے جہاں پوری ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں کپتان بابر اعظم کو بھی خوب کھری کھری سنا ڈالی جس کے بعد سابق کھلاڑی عامر سہیل بابر اعظم کے دفاع میں سامنے آگئے اور وسیم اکرم کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عامر سہیل نے کہا کہ جب بابر اعظم کراچی کنگز کے کپتان تھے تب وسیم اکرم نے ان کو کیوں کچھ نہیں سکھایا؟ بابر کو اس کمیٹی نے پاکستان کا کپتان مقرر کیا جس میں وسیم اکرم اور مصباح الحق شامل تھے۔

عامر سہیل کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی نے بابر کو خاطر خواہ اعتماد نہیں دیا اور ان بیانات پر ان کی حمایت نہیں کی۔

عامر سہیل کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا عامر سہیل ٹھیک کہ رہے ہیں ، ہمیں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے، ایسے مسائل کو اٹھانا بالکل بیکار ہے جو ورلڈ کپ کے بعد یا اس سے پہلے بھی اٹھائے جا سکتے تھے۔ ٹورنامنٹ کے اختتام کا انتظار کریں۔

ایک اور صارف نے عامر سہیل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا اب ہر کوئی پی سی بی کا سربراہ بننا چاہتا ہے، عامر سہیل نے بابر کو سکھانے کی کوشش کیوں نہیں کی سابق کپتان ہونے کے ناطے یہ ان کا فرض تھا۔

صارفین کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمیں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے ، یہ سب باتیں ورلڈ کپ کے بعد ہوسکتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp