کرکٹ ورلڈ کپ: زخمی شاہین آج ’چوکرز‘ پر جھپٹیں گے

جمعہ 27 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں جاری آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں اب ’ِان یا آؤٹ‘ ہونے کا سلسہ شروع ہونے جارہا ہے۔  ہر گزرتے میچ کے ساتھ جہاں پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال میں تبدیلی آتی ہے وہیں چند ٹیموں کے ورلڈ کپ میں رہنے کے امکانات سکڑتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ کچھ ایسی ہی صورتحال کا سامنا اس وقت بابر الیون کو ہے جہاں ان کے لیے اگرمگر کا کھیل شروع ہونے والا ہے اور اگر بابر الیون کو اس صورتحال پر قابو پانا ہے تو ان کے لیے آج کا میچ جیتنا بہت ضروری ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کی میگا ایونٹ میں اب تک کی کارکردگی مایوس کُن رہی ہے ۔ اسی وجہ سے قومی ٹیم کو سخت تنقید کا سامنا ہے جس کی وجہ سے مورال بھی ڈاؤن ہے لیکن  شاہینز کم بیک کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ 2017 کی چیمیئنزٹرافی میں بھی پاکستان ٹیم کو کچھ اسی طرح کی صورتحال کا سامنا تھا لیکن گرین شرٹس نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کے خلاف کم بیک کرنے کے بعد وہ ٹورنامنٹ جیت لیا تھا۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم اس وقت بھرپور فارم میں ہے ماسوائے نیدر لینڈز کے میچ کے ان کے بیٹرز کو جو بولرملا انہوں نے اس کا بھرکس نکال دیا اور اپنے 04 میچز میں بڑے مارجن سے فتح حاصل کی یہی وجہ ہے کہ میگا ایونٹ میں رن ریٹ کے اعتبار سے جنوبی افریقی ٹیم ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ تاہم جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے بارے میں عام تاثر پایا جاتا ہے کہ وہ اہم موقع اور میگا ایونٹس میں ’چوک‘ کر جاتے ہیں اسی لیے انہیں ’چوکرز‘ بھی کہا جاتا ہے۔

زخمی شاہین ورلڈ کپ 2023 کے 26 ویں میچ میں آج  ’اِن فارم چوکرز‘ پر جھپٹیں گے۔ دونوں ٹیمیں ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم، چنئی میں میں پاکستانی وقت کے مطابق دن 01:30 بجے آمنے سامنے ہوں گی۔

ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے اب تک 05 میچز کھیل کر 04 میچ جیتے ہیں جبکہ گرین ٹیم نے 05 میچز کھیل کر 02 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کو اپنے آخری میچ میں افغانستان کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہوئی ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

دونوں ٹیمیں ایک روزہ میچز میں اب تک 82 بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئی ہیں جن میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 51 جبکہ پاکستانی ٹیم نے 30 میچز جیتے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین ایک میچ بغیر نتیجہ رہا ہے۔

پچ رپورٹ

ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم، چنئی کی پچ بیٹرز کے لیے سازگار ہوگی لیکن جیسے جیسے میچ آگے بڑھتا جائے گا پچ پر ’کریکس‘ پڑنا شروع ہو جائیں گے جس سے اسپنرز کو مدد ملے گی۔

ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم، چنئی (بھارت)

اس میدان پر کھیلے گئے آخری 10 ایک روزہ میچز میں پہلے بیٹنگ کرنے والوں ٹیموں کا اوسط اسکور 256 رنز ہے جبکہ رواں ورلڈ کپ کے دوران کھیلے جانے والے آخری 04 میچز میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں نے 03 میچز جیتے ہیں۔

موسم کی صورتحال

چنئی میں آج میچ کے دوران موسم گرم رہنے کی توقع ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29.45 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد رہے گا۔ میچ کے دوران ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے مگر اس سے میچ متاثر نہیں ہوگا۔

پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال

پاکستان کی ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2023 کی پوائنٹس ٹیبل پر 04 پوائنٹس اور 0.400- کے رن ریٹ کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 08 پوائنٹس اور +2.370 کے رن

ریٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ میزبان بھارت میگا ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے اور ٹاپ پوزیشن پر ہے۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں 25 میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال

پاکستان کا اسکواڈ

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، سلمان علی آغا، محمد نواز، اسامہ میر، حارث رؤف، حسن علی، شاہین آفریدی، محمد وسیم

جنوبی افریقہ کا اسکواڈ

ٹیمبا باووما (کپتان)، جیرالڈ کوٹزی، کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، مارکو جانسن، ہینرک کلاسین، کیشو مہاراج، ایڈن مارکرم، ڈیوڈ ملر، لونگی نگیڈی، اینڈائل پھہلوکوایو، کاگیسو ربادا، تبریز شمسی، رسی وانڈر ڈوسن، لیذاڈ ولیمز۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp