میڈ ان پاکستان کو ایک چانس تو دیں!

جمعہ 27 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں 3 روزہ آٹو ایکسپو 2023 کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں مختلف کمپنیاں پاکستان میں تیارکردہ آٹو پارٹس سمیت دیگر اسپیئر پارٹس پیش کررہی ہیں، اس موقع پر کمپنی مالکان کا کہنا ہے کہ ہم نہ صرف آٹو پارٹس بلکہ ہر قسم کے پارٹس بنانے کے قابل ہیں، حکومت آٹو کے ساتھ ساتھ دوسرے آپشنز پر بھی نظر دوڑائے تا کہ سب سے پہلے ملک میں ہر چیز ’میڈ ان پاکستان‘ فروغ پائے پھر اس کے بعد ہم دنیا بھر میں اپنی اشیاء برآمد کرنا شروع کریں۔

آٹو پارٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے رکن اور کنوینیر آٹو ایکسپو 2023 زین شارق کا کہنا ہے کہ ہم ٹیکنالوجی اونرز ہیں، اور گاڑیوں میں استعمال ہونے والا ہر پرزہ ہم بنا رہے ہیں، اس اس ہنر میں ہمارا 30 سالہ تجربہ ہے، ہماری بنائی گئی اشیاء کی عالمی پیمانے پر ٹیسٹنگ کی جاتی ہیں۔

زین شارق کے مطابق اس ایکسپو میں وہ اپنی وسیع مصنوعات پیش کررہے ہیں، جس سے پورا پاکستان استفادہ کرسکتا ہے۔ ’ہم چاہتے ہیں پاکستان اس سے فائدہ اٹھائے، صرف آٹو پارٹس کو نہ سوچیں ہم نے ڈیفنس کے شعبے میں بہت کام کیا ہے، ایئر کرافٹ ڈیزائننگ کا کام ہو گیا ہے اور اس ضمن میں ہم چاہتے ہیں کہ مزید اس انڈسٹری کو آگے بڑھائیں۔‘

’صرف آٹو پارٹس نہیں بلکہ ہم ہر قسم کے پارٹس بنانے کے قابل ہیں‘

’حکومت کہتی ہے کہ آٹو پارٹس کی ایکسپورٹ کریں، آٹو پارٹس کو باہر کی مارکیٹ میں کامیاب بنانا بہت ہی چیلنجنگ ہے،  ہم کہتے ہیں کہ حکومت ہمیں انجینئرنگ کے حساب سے دیکھے اور صرف آٹو پارٹس ہی نہیں بلکہ ہر قسم کے پارٹس کے حوالے سے آپ ہم سے رابطہ کریں ہم بنا کر دکھائیں گے۔‘

لوگوں سے درخواست ہے کہ میڈ ان پاکستان کو چانس دیں اور ہماری ساری ضروریات پاکستان ہی پوری کرسکتا ہے، زین شارق (تصویر، وی نیوز)

میڈ ان پاکستان کو ایک چانس تو دیں‘

کنوینیر آٹو ایکسپو 2023 زین شارق کا کہنا ہے کہ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہمیں میڈ ان پاکستان پر یقین نہیں ہے، یہی چیز اگر انڈیا میں دیکھیں تو انکو اگر میں بولوں کے آپ یہ انڈین چیز خرید رہے ہیں جو کہ مہنگی ہے میں آپ کو اچھی کوالٹی میں یہی چیز سستی دے سکتا ہوں، لیکن وہ بھارتی شہری ’میڈ ان انڈیا‘ ہی خریدے گا چاہے وہ مہنگی ہی کیوں نہ ہو۔

’ہمارے پارٹس کو سمجھا جاتا ہے کہ ان کی کوالٹی اچھی نہیں جبکہ ہو یہ رہا ہے کہ ہمارے ہی پارٹس پر ’میڈ ان جاپان‘ لکھ کر بیچ دیا جاتا ہے، لوگوں سے درخواست ہے کہ میڈ ان پاکستان کو چانس دیں اور ہماری ساری ضروریات پاکستان ہی پوری کرسکتا ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp