ڈالر کے بغیر تجارت، اسلام آباد میں چینی کرنسی کی کلیئرنگ کے لیے بینک کا افتتاح

اتوار 29 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک چین دوستی کی مضبوطی کی جانب ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے پاکستان میں چینی کرنسی (آر ایم بی) کی کلیئرنگ کے لیے بینک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کی افتتاحی تقریب اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں ہوئی۔

بینک کی افتتاحی تقریب میں نگراں وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ اور دیگر نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں گورنر اسٹیٹ بینک کی بیجنگ کے ساتھ دو طرفہ تجارت میں چینی کرنسی کے استعمال کی تجویز

اس موقع پر نگراں وفاقی وزیر خزانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین کئی سالوں سے پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا سب سے بڑا ذریعہ رہا ہے۔ پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری میں آر ایم بی کے استعمال کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔

نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر تقریب سے خطاب کر رہی ہیں

آر ایم بی کلیئرنگ بزنس کے قیام سے پاکستان اور چین میں آف شور آر ایم بی مارکیٹوں کو جوڑنے میں مدد ملے گی، جس سے متعدد شعبوں اور سرگرمیوں میں سرحد پار لین دین میں سہولت میسر آئے گی۔

اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ چین اور پاکستان کے درمیان 4 موسموں کے اسٹریٹجک تعاون کے لیے دونوں اطراف کے مالیاتی محکموں کی مضبوط حمایت کی ضرورت ہے۔ آر ایم بی کلیئرنگ بینک کا قیام ’بیلٹ اینڈ روڈ‘ تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم مالی حمایت بھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp