سبی تا ہرنائی ریلوے سیکشن  18 سال بعد بحال

اتوار 29 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعلی مردان خان ڈومکی اورنگران وفاقی وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڈ نے اتوار کو 18 سال سے بند سبی تا ہرنائی ریلوے سیکشن کی بحالی کا افتتاح کر دیا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان اور نگران وفاقی وزیر ریلوے نے بحالی منصوبے کی تکمیل پر پہلی ٹرین کو سبی ریلوے اسٹیشن سے ہرنائی کے لیے روانہ کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعلی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ عوام کی امنگوں کے مطابق طویل مدت سے بند سبی، ہرنائی سیکشن کو آج از سر نو کھولاجارہا ہے۔

سبی، ہرنائی سیکشن پر ریلوے ٹریک فروری 2006 سے بند پڑا ہوا تھا، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، اب سبی ہرنائی کے درمیان سڑک کی عدم موجودگی میں ریلوے کی بحالی مسافروں کے لیے سفری سہولیات میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس ریلوے سروس سے ہرنائی اور گرد و نواح کے رہائشی افراد اور مریضوں کو بروقت بڑے شہروں میں جانے کی آسانی ہوگی اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

ٹریک کی بحالی کا کام مشکل اور کھٹن تھا

انہوں نے کہا کہ ٹریک کی بحالی کا کام مشکل اور کھٹن تھا لیکن نگران وزیر ریلوے اور محکمہ ریلوے کے تمام افسران نے محنت کرکے اس کی بحالی کو یقینی بنایا اس کے ساتھ ساتھ ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے مکمل سیکیورٹی فراہم کرکے اس منصوبے کو پایہ تکمیل پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے اعلان کیا کہ رواں سال 25 دسمبر کو بلوچستان سے بولان میل بھی بحال کر دی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں نواب اکبر خان بگٹی ایکسپریس کو بھی بحال کر دیا جائے گا۔

بلوچستان میں جلد مال بردار ٹرینیں بھی  چلائیں گے، نگراں وزیر اعلیٰ

ان کا کہنا تھا کہ تجارتی مقاصد کے لیے بلوچستان سے مال بردار ٹرینیں بھی  چلائی جائیں گی اور آئندہ 10 روز  میں پہلی مال بردار ٹرین بھی شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا  بلوچستان کے عوام اور تاجروں کو ریلوے کی بہتر سفری و تجارتی سہولیات کی فراہمی کے لیے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران وفاقی وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڈ خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔

نگراں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ یقین دلاتے ہیں کہ بلوچستان میں ریلوے کو مکمل تحفظ دیں گے اور ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ سیکیورٹی کے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنا کر ماضی میں پیش آنے والے ناشگوار واقعات کا مستقل میں تدارک کیا جائے اور ایسا کوئی بھی واقعہ نہ ہو جس سے ریلوے کی سروس متاثر ہو۔

قبل ازیں سبی ایئر پورٹ پہنچنے پر نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی اور وفاقی وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ  کا استقبال کمشنر سبی ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp