پی آئی اے کا متاثرہ فلائٹ آپریشن ایندھن کی فراہمی بہتر ہونے سے جزوی طور پر بحالی کی طرف گامزن ہے، قومی ایئر لائن نے آج 45 پروازوں کو شیڈول کیا ہوا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کا اندرون ملک آپریشن بھی بحال ہونا شروع ہوگیا ہے ، قومی ایئر لائن آج کراچی، لاہور، اسلام آباد، گلگت اور اسکردو کی پروازیں چلائے گی۔
بین الاقوامی پروازوں میں آج جدہ، مدینہ، بحرین، دبئی، کوالالمپور وغیرہ کی پروازیں آپریٹ ہوں گی۔ ’اگلے چند دن میں ایندھن کی صورتحال میں مزید بہتری کے باعث آپریشن معمول پر آنا متوقع ہے۔‘
پاکستان اسٹیٹ آئل سے ادائیگیوں کے معاملات طے پانے کے بعد قومی ایئر لائن کے فلائٹ شیڈول میں بہتری کے باوجود آج پی آئی اے کی مقامی اور بین الاقوامی 29 پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔
ادارے کو گزشتہ 14 دن میں 679 پروازوں کی منسوخی کا نقصان اٹھانا پڑا ہے، اسلام آباد سے گلگت اور اسکردو کے درمیان 6 پروازیں آج بھی آپریٹ کی جا رہی ہیں۔