اب پاکستانی ڈالر کے بجائے چینی کرنسی استعمال کیا کریں گے؟

منگل 31 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتے جا رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان نجی و سرکاری سطح پر تجارت زور و شور سے جاری ہے، تجارتی عمل کو بہتر کرنے کے لیے پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چین کے انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا کے آر ایم بی کلیئرنگ بینک کا افتتاح کیا گیا ہے۔

یہ بینک چینی کرنسی کے لین دین کی کلیئرنگ اور ادائیگیوں کی سیٹلمنٹ سے متعلق خدمات پیش کرے گا اور پاکستان میں شریک بینکوں کے لیے چینی کرنسی یوآن کی خرید و فروخت، یوآن میں قرض لینے یا قرض دینے میں سہولت فراہم کرے گا۔ بینک کے قیام سے پاکستانی اور چینی کاروباری شخصیات اور مالیاتی اداروں کو لین دین طے کرنے اور دونوں ممالک کی مالیاتی ضروریات کو پورا کرنے میں سہولت ملے گی۔

اب چین کے ساتھ تجارت کے لیے ڈالر میں ادائیگی ضروری نہیں، اسٹیٹ بینک آفیسر

اسٹیٹ بینک کے سینیئر آفیسر نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہونے والی تجارت ڈالر میں ہوا کرتی ہے، چین کا آئی سی بی سی بینک پہلے سے پاکستان میں موجود ہے اور اب اس بینک نے چینی کرنسی آر ایم بی میں کاروبار کرنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان میں کلیئرنگ بینک کا قیام کیا ہے، اب پاکستانی کوئی بھی کاروبار چین کے ساتھ کر رہے ہوں گے تو انہیں رقم کی ادائیگی ڈالر میں کرنے کی پابندی نہیں ہو گی، اب چینی کرنسی آر ایم بی میں بھی ادائیگی کو قبول کیا جائے گا۔

اسٹیٹ بینک کے افسر نے بتایا کہ اس سے ڈالر پر بوجھ میں بھی کمی آئے گی، پہلے کسی بھی ادائیگی کے لیے ڈالر خریدنا لازمی تھا جس سے امریکی کرنسی کی قدر مارکیٹ میں اور بھی اوپر چلی جاتی تھی، اب ادائیگی کرنے والوں کے پاس سہولت ہو گی کہ وہ ڈالر کی جگہ چینی کرنسی ایم آر بی میں ہی ادائیگی کریں۔

دنیا بھر میں ڈالر کی قدر بڑھنے سے تمام ممالک کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، بعض ممالک کی طرح چین نے بھی اپنی کرنسی یوآن کو مضبوط کرنے اور ڈالر کو کمزور کرنے کے لیے کوششوں کا آغاز کیا ہوا ہے۔

چین کے متعدد ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات ہیں اور اب چین ان ممالک کے ساتھ ڈالر کی جگہ اپنی کرنسی یوآن میں تجارت کرنے پر غور کر رہا ہے، اسی ضمن میں چین نے اب پاکستان سمیت 4 ممالک میں اپنے کلیئرنگ بینکوں کا قیام مکمل کر لیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp