بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ آہستہ آہستہ اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے، میگا یونٹ میں اب تک 30 مقابلے کھیلے جا چکے ہیں۔ شائقین کرکٹ کو مکمل ہونے والے 30 میچز میں سے صرف 02 کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے جن میں پہلا مقابلہ پاکستان اور جنوبی افریقہ جبکہ دوسرا مقابلہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا میچ تھا۔
رواں ورلڈ کپ میں اب تک سب سے زیادہ متاثر کن کارکردگی افغانستان کرکٹ ٹیم کی رہی ہے جنہوں نے اپنے 06 میچز میں سے 03 میچز جیتے ہیں اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے علاوہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کو شکست دی ہے،ر اب تک کی کارکردگی کو دیکھ کر افغانستان کی ٹیم کو سپر فور مرحلے تک رسائی کے لیے فیورٹ سمجھا جانے لگا ہے۔
اب تک کی سب سے مایوس کُن کارکردگی دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم کی رہی ہے جس نے اب تک میگا ایونٹ میں واحد کامیابی بنگلہ دیش کے خلاف حاصل کی ہے جبکہ اسے 05 میچز میں شکست ہوئی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بھی متاثر کرنے والی نہیں لیکن ان کے لیے ’اگر مگر‘ کے ساتھ سپر فور مرحلے تک رسائی ممکن نظر آتی ہے اور اس کے لیے انہیں میگا یونٹ میں اپنے بقیہ تمام میچز میں کامیابی لازمی حاصل کرنا ہو گی۔
بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم بظاہر سپر فور مرحلے کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے لیکن وہ اپنے بقیہ میچز میں کامیابی حاصل کر کے 2025 میں ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی جگہ بنا سکتی ہے۔ کیوں کہ آئی سی سی نے یہ اعلان کیا ہے کہ رواں ورلڈ کپ میں ٹاپ 07 پوزیشن پر رہنے والی ٹیمیں میزبان پاکستان کے ہمراہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کھیلیں گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے مابین آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ کا 31 واں میچ آج ایڈن گارڈنز کرکٹ اسٹیڈیم کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق دن 01:30 بجے آمنے سامنے ہوں گی۔
ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر
پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں ابھی تک 06 میچز کھیل کر 02 میں کامیابی سمیٹی ہے جبکہ 04 میچوں میں اسے شکست ہوئی۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے رواں ورلڈ کپ میں اب تک 06 میچز کھیل کر صرف ایک میچ میں کامیابی سمیٹی ہے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ
پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں اب تک 38 ایک روزہ میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جن میں پاکستان نے 33 جبکہ بنگلہ دیش نے 05 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پچ رپورٹ
ایڈن گارڈنز کرکٹ اسٹیڈیم کولکتہ کی پچ بیٹرز کے لیے سازگار ہوگی تاہم جیسے جیسے میچ آگے بڑھتا جائے گا اس پچ پر بڑی شاٹس کھیلنا مشکل ہوجائے گا اور اسپنرز کا کردار اہم ہوتا چلا جائے گا۔
اس پچ پر کھیلے گئے رواں ورلڈ کپ کے آخری میچ میں نیدر لینڈز کی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 229 رنز بنائے تھے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 142 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اس میدان پر کھیلے گئے آخری 10 میچز میں پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیموں کا اوسط اسکور 289 رنز ہے۔
اس پچ پر پہلے بلے بازی کر کے جیتنے والی ٹیموں کی جیت کی اوسط 80 فیصد ہے تو امکان یہی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جو بھی ٹیم ٹاس جیتے گی وہ پہلے بلے بازی کو ترجیح دے گی۔
موسم کی صورتحال
کولکتہ میں آج میچ کے دوران موسم گرم رہے گا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد ہوگا۔ میچ کے دوران بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال
پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں 30 میچز مکمل ہونے کے بعد 04 پوائنٹس کے ساتھ 07 ویں جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم 02 پوائنٹس کے ساتھ 09 ویں پوزیشن پر موجود ہے۔
میزبان بھارت کی ٹیم اب تک ناقابل شکست ہے اور 12 پوائنٹس لے کر ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہے۔ جنوبی افریقہ دوسری، نیوزی لینڈ تیسری اور آسٹریلیا کی ٹیم چوتھی پوزیشن پر ہیں۔
پاکستان کا اسکواڈ
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، سلمان علی آغا، محمد نواز، اسامہ میر، حارث رؤف، حسن علی، شاہین آفریدی، محمد وسیم
بنگلہ دیش کا اسکواڈ
شکیب الحسن (کپتان)، لٹن داس، تنزید حسن تمیم، نجم الحسن شانتو ، توحید ہردوئے، مشفیق الرحیم، محمود اللہ ریاض، مہدی حسن میراز، نسم احمد، شک مہدی حسن، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، حسن محمود، شورفل اسلام، تنزیم حسن ثاقب۔