اسمارٹ اور جوان رہنا چاہتے ہیں تو کدو کھائیں

پیر 30 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کدو کو مختلف ڈشز بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ امریکا اور یورپ میں کدو کی سینکڑوں ڈشز بنائی جاتی ہیں جنہیں لوگ بہت پسند کرتے ہیں اور شوق سے کھاتے ہیں۔ پاکستان میں کدو کو زیادہ تر سالن، حلوہ، مٹھائی، اچار اور دیگر کچھ ڈشز بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

کدو ایک ذائقہ دار سبزی ہے لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ کدو صحت کے لیے کتنا مفید ہے۔ موسم سرما کی آمد آمد ہے اور آج کل کدو بھی مارکیٹ میں با آسانی دستیاب ہے، اسے اپنی غذا کا حصہ بناکر آپ ذائقہ اور صحت دونوں ایک ساتھ پا سکتے ہیں:

آنکھوں کے لیے مفید

قدرت نے کدو میں وٹامن اے کوٹ کوٹ کر بھرا ہے۔ ماہرین کے مطابق وٹامن اے آنکھوں کے لیے بے حد مفید ہے، یہ صرف نظر کو بہتر نہیں بناتا بلکہ یہ آنکھوں کو موتیا سے بھی بچاتا ہے۔

کدو میں لیوٹین اور زیکسانتھن پیگمنٹس بھی پائے جاتے ہیں جو آنکھوں کو خطرناک شعاؤں سے بچاتے ہیں جبکہ اس میں موجود زنک آنکھوں کے پردے یعنی ریٹنا کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔

قوت مدافعت میں اضافہ

کدو میں وٹامن اے کے علاوہ وٹامن سی بھی پایا جاتا ہے جو انسان کی قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔ وٹامن سی نیوٹروفلز کے ساتھ مل کر خطرناک بیکٹریا کا خاتمہ کرتا ہے جس سے قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔

موسم سرما کی آمد کے ساتھ فلو، نزلہ اور زکام کی شکایت بھی عام ہو جاتی ہے۔ کدو میں وٹامن ڈی اور وٹامن ای بھی پایا جاتا ہے اور سرد موسم میں یہ آپ کو فلو، نزلہ اور زکام سے بچاتا ہے۔ اس کا بنا ہوا سوپ پینے سے آپ جلد خود کو بہتر محسوس کرتے ہیں۔

جسمانی طور پر مضبوطی

ماہرین جسمانی مضبوطی کے لیے پوٹاشیم کو اہم قرار دیتے ہیں۔ پوٹاشیم صرف کیلے میں ہی نہیں بلکہ کدو میں بھی پایا جاتا ہے۔ پکے ہوئے کدو کی آدھی پیالی میں تقریباً 250 ملی گرام پوٹاشیم پایا جاتا ہے۔ پوٹاشیم پٹھوں کو مضبوط بناتا ہے، جسمانی رطوبتوں کو ریگولیٹ کرتا ہے، جسم کے خلیوں کے درمیان توازن برقرار رکھتا ہے اور سب سے بڑھ کر بلڈ پریشر کو نارمل رکھتا ہے۔

وزن کم کرنے میں مددگار

کدو کا 90 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہے۔ اگر آپ صحت بخش غذاؤں کے استعمال کے ذریعے وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو کدو کو اپنی غذا کا حصہ لازمی بنائیں کیونکہ اس کا بیشتر حصہ پانی پر مشتمل ہے، یہ کیلوریز میں کم اور مفید غذائی اجزا سے بھرپور اور قدرتی مٹھاس والی غذا ہے۔

فائبر سے بھرپور

کدو فائبر سے بھرپور ہوتا ہے جو انسان کے نظام انہضام کو بہتر بناتا ہے، اسے کھا کر آپ بہت دیر تک خود کو توانا محسوس کرتے ہیں اور کچھ کھانے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے اور اس طرح آپ اپنا وزن کم کرسکتے ہیں۔ اس کے بیج نہایت مزیداراور قوت بخش ہوتے ہیں جبکہ یہ اینٹی آکسیڈینٹس کی خوبیاں رکھتے ہیں، ان میں میگنیشیم، زنک، مینگانیز بھی پایا جاتا ہے۔ کدو کے ایک کپ میں 7 گرام فائبر پایا جاتا ہے۔

جلد کو جواں رکھے

کدو میں اینٹی آکسیڈینٹس پائے جاتے ہیں جو جلد کو خراب کرنے والے ایٹمز سے محفوظ رکھتے ہیں، کدو میں بیٹا کیروٹین جیسے اینٹی آکسیڈینٹس پائے جاتے ہیں جو ان ایٹمز کو نیوٹرالائز کر دیتے ہیں جس سے جلد پر جھریاں یا بڑھاپے کا اثر سست ہوجاتا ہے اور آپ پرکشش اور جوان نظر آتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp