افغانستان بمقابلہ سری لنکا: ’ سب کچھ بورڈ پر لکھا ہے، افغانستان کرکٹ اُبھر کر سامنے آ رہی ہے‘

پیر 30 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ  میں افغانستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری فتح حاصل کرلی اور  سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگیا۔

سری لنکا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے  241 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جواب میں افغانستان نے سری لنکا کا 242 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

رواں ورلڈ کپ میں افغان کرکٹ ٹیم 03 بڑے اپ سیٹ کر چکی ہے، انہوں نے پاکستان سمیت دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور سری لنکا کو شکست دے دی ہے۔

آج کے میچ کے دوران افغان کرکٹ ٹیم کے ہدف کے تعاقب کے لیے پلان کی ایک تصویر سوشل میڈٰیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سری لنکن کوچ نے ایک سفید بورڈ پر ہدف کے تعاقب کا پلان لکھا ہوا ہے۔

پلان کے مطابق افغان ٹیم نے اننگز کے پہلے 10 اوورز میں 50 رنز بنانے ہیں جبکہ 20 اوورز میں 100 رنز مکمل کرنا ہے۔ اسی طرح 30 اوورز میں 150 جبکہ 40 اوورز میں 200 رنز مکمل کرنا تھے جبکہ 48 ویں اوور میں ہدف مکمل کرنا تھا اور پھر افغان ٹیم نے اپنے مقررہ اوور سے بھی 02 اوورز پہلے یعنی 46 ویں اوور میں  ہدف مکمل کر لیا۔
سوشل میڈیا پر ان کی آج کی کارکردگی اور ہدف کے تعاقب میں بنائے گئے پلان کی تعریفیں ہو رہی ہیں

اسپورٹس صحافی فرید خان نے یہ بورڈ کی تصویر ایکس پر شیئر کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ افغانستان نے سب کچھ پہلے سے پلان کر رکھا تھا، انہوں نے ایسا پہلے پاکستان اور آج سری لنکا کے خلاف کیا۔ سب کچھ بورڈ پر لکھا ہے۔

ایک اور اسپورٹس صحافی جونز نے ایکس پر بورڈ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ افغانستان نے ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف شکست سے سبق سیکھا ہے۔ افغانستان کی کرکٹ اُبھر کر سامنے آرہی ہے۔

ایک اور ایکس صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ افغانستان کی ٹیم نے اپنی گیم میں شاندار بہتری لائی ہے۔ اگر انہوں نے بنگلہ دیش جتنے میچز کھیلے ہوتے تو ان کا شمار آئی سی سی ایونٹ جیتنے والی ٹیموں میں ہوتا۔

واضح رہے کہ رواں برس ہونے والے ایشیا کپ کے دوران کرکٹ قوانین سے بے خبری افغان ٹیم کو لے ڈوبی تھی کیونکہ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 291 رن بنائے، افغانستان کے بیٹر سمجھتے رہے کہ 292 رن کا ہدف انہیں ہر حال میں 37 اعشاریہ 1 اوورز میں حاصل کرنا ہے۔

کسی نے بھی بیٹرز کو نہ بتایا کہ اگر37 اعشاریہ 4 اوورز تک 295 رن بنالیے تو بھی افغانستان سپر فور کیلئے کوالیفائی کرجائے گا، افغانستان کی ٹیم 289 رن بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp