تربت میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 4 مزدور ہلاک

منگل 31 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع کیچ کے ضلعی ہیڈکوارٹر تربت کے علاقے ناصر آباد میں گزشتہ شب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار سمیت 4 مزدور ہلاک ہوگئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ کے مطابق فائرنگ کا مذکورہ واقعہ رات 2 بجے پیش آیا جب پولیس کی حفاظت میں سوئے ہوئے مزدوروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار اور 4 مزدور ہلاک ہوگئے، مزدوروں کا تعلق جن کا تعلق صوبہ پنجاب کے علاقے مظفر گڑھ سے تھا۔

پولیس کے مطابق ہلاک شدگان میں محمد عظیم، شہباز، باقر علی اور شہزاد شامل ہیں جبکہ ہلاک پولیس اہلکار کی شناخت عطا جان کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد ایس ایس پی محمد بلوچ کی ہدایت پر پولیس کی ٹیم نے جائے وقوعہ پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے اپنے بیان میں فائرنگ کے اس جان لیوا واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تربت میں 4 بے گناہ مزدروں اور پولیس اہلکار کو دہشتگردوں نے فائرنگ کر کے شہید کردیا ہے۔

’دہشتگردی کے اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ جو بھی اس واقعہ میں ملوث ہے اسے کیفرکردار تک پہنچائیں گے، ماضی میں بھی مزدوروں کے قتل میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف موثر کارروائی کی گئی ہے۔‘

ضلعی انتظامیہ تربت کے مطابق ہلاک ہونیوالے 4 مزدوروں کی لاشیں خصوصی ایمبولینسوں میں پولیس اور لیویز فورس کی نفری کے ہمراہ مظفرگڑھ روانہ کردی گئی ہیں، اس سے قبل مقتولین کی لاشوں کو سول اسپتال تربت میں لایا گیا تھا جہاں ضروری کارروائی مکمل کی گئی۔

تربت پولیس حکام کے مطابق واقعہ میں شہید مقامی پولیس اہلکار کی تدفین کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ تربت میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کے لیے بلوچستان پولیس کے سینئر افسر ضیاء الحق مندوخیل کو ایس پی تربت تعینات کردیا گیا ہے۔

اس واقعہ کی ذمہ داری کسی کالعدم تنظیم نے تاحال قبول نہیں کی ہے جبکہ رواں برس 14 اکتوبر کو بھی تربت میں مزدوروں پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہو چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp