دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے آج پاکستان کے معروف فنکار فاروق قیصر کے مزاحیہ کردار’ انکل سرگرم‘ کا ڈوڈل لگایا ہوا ہے، یہ ڈوڈل دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین کو تو خوشگوار حیرت ہوتی ہی ہو گی لیکن سوال یہ ہے کہ گوگل نے فاروق قیصر کی اصل تصویر کے بجائے ان کا ڈوڈل کیوں استعمال کیا؟
گوگل پر جو آپ ڈوڈل دیکھ رہے ہیں، یہ فاروق قیصر کے پاکستان ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے معروف شو ’کلیاں‘ سے لیا گیا ہے، فاروق قیصر نے کلیاں میں اپنے کردار ’انکل سرگم‘ سے بے پناہ شہرت کمائی، لوگ آج بھی انہیں اسی نام سے جانتے ہیں۔
یہ 1990 سے پہلے کا دور تھا جب کیبل ٹی وی اور کارٹون نیٹ ورک کا دور نہیں تھا تب فاروق قیصر (انکل سرگرم) تھے جنہیں ٹیلی وژن پر دیکھنے کے لیے بچے بے قرار رہتے تھے۔
فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، میٹرک پشاور سے، ایف اے کوئٹہ سے اور گریجویشن نیشنل کالج آف فائن آرٹس لاہور سے کیا۔ پھر فائن آرٹس ہی میں ماسٹرز ’’رومانیہ‘‘ سے کیا جب کہ1999ء میں کیلی فورنیا، امریکا سے ماس کمیونیکیشن میں بھی ماسٹرز کیا۔
70ء کے اوائل میں نیشنل کالج آف فائن آرٹس لاہور سے گریجویشن کے بعد فنی زندگی کا آغاز کیا۔ فن کار، صحافی، ٹی وی شو ہدایت کار، کارٹونسٹ، اسکرپٹ رائٹر، مصنف اور صوتی اداکار تھے ۔ انہوں نے اپنی کامکس کتابوں کی وجہ سے بھی شہرت حاصل کی۔
فاروق قیصر کی بنیادی وجہ شہرت ان کا مزاحیہ کردار ’انکل سرگم‘ ہے جو پہلی بار 1976ء میں بچوں کے اُردو زبان کے پروگرام ’’کلیاں‘‘ میں ادا کیا گیا۔ کارٹونسٹ اور اخباری کالم نگاربھی رہے۔
1993ء میں صدرِ پاکستان سے تمغہ حسنِ کارکردگی سے نوازے گئے،14 مئی 2021ء کو انتقال کرگئے۔
گزشتہ روز فاروق قیصر کا یوم پیدائش تھا جن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گوگل نے ان کے افسانوی کردار ’انکل سرگرم‘ اپنے ہوم پیج پر لگایا ہے۔