شاہین شاہ آفریدی ون ڈے کرکٹ میں وکٹوں کی تیز ترین سینچری کرنے والے پہلے فاسٹ بولر

بدھ 1 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شاہین شاہ آفریدی ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی اور فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے 51 میچز میں 100 ون ڈے وکٹیں مکمل کیں جس کے بعد وہ مجموعی طور پر دنیا کے تیسرے بولر بن گئے ہیں۔ وکٹوں کی تیز ترین سینچری مکمل کرنے والے کھلاڑیوں میں 2 اسپنر نیپال کے سندیپ لمیچانے اور افغانستان کے راشد خان اس دوڑ میں شاہین شاہ آفریدی سے آگے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی سے پہلے اسپن بولرز نے یہ کارنامہ سرانجام دیا سندیپ لیمچانے نے 42 جبکہ افغانستان کے راشد خان نے 44 میچز میں 100 وکٹیں مکمل کیں۔ فاسٹ بولرز میں سے آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 52 میچز کے دوران 100 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ سابق پاکستانی اسپنر ثقلین مشتاق نے یہ سنگ میل 53 ون ڈے میچز میں عبور کیا تھا۔

شاہین آفریدی نے یہ اعزاز آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں بنگلا دیش کے خلاف میچ میں تنزید حسن کو پہلے اوور میں صفر پر آؤٹ کر کے کیا۔ شاہین ون ڈے میں 100 یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستان کے 21ویں بولر ہیں۔ ان سے پہلے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز وسیم اکرم 356 میچوں میں 502 وکٹیں لے کر سرفہرست ہیں۔

شاہین نے 2018 میں ایشیا کپ کے دوران ابوظہبی میں افغانستان کے خلاف اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ کھیل کے تمام فارمیٹس میں ٹاپ گیند بازوں میں سے ایک بن گئے ہیں۔

پاکستان کے اسپیڈ اسٹار شاہین آفریدی ون ڈے کرکٹ میں فاسٹ بولز کی فہرست میں تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے پہلے کھلاڑی ہیں، شاہین آفریدی نے ون ڈے میں 51 میچوں میں 100 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی اس وقت کرکٹ کے تمام فارمیٹس ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی 20 میں مجموعی طور پر 271 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی اس وقت بہترین فاسٹ بولرز کی فہرست میں بھی پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ ورلڈ کپ میں ابھی تک سب سے زیادہ وکٹیں لے چکے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی 16 وکٹوں لے کر ایڈم زمپا کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp