پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان باشندوں کی واپسی کی ڈیڈ لائن ختم، آپریشن شروع کر دیا گیا

بدھ 1 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن ختم ہو چکی ہے جس کے بعد اب حکومت پاکستان نے ان کی بے دخلی کے لیے ملک گیر آپریشن شروع کردیا ہے۔ وزارت داخلہ نے ملکی تاریخ میں پہلی بار فارن ایکٹ 1946 کے تحت تمام صوبوں کو غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی بے دخلی کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

اس حکمنامہ کے مطابق معمولی جرائم میں زیر تفتیش اور سزا یافتہ غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو بے دخل کردیا جائے گا، نگران حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اگر ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد کوئی پاکستانی غیرقانونی تارکین وطن کو پناہ دینے میں ملوث پایا گیا تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بے دخلی کے منصوبے کا اطلاق پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں پر ہو گا۔

’منصوبے کے اطلاق میں کسی بھی ملک یا شہریت کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا جائے گا۔‘

حکمنامے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے میپنگ اور جیو فینسنگ کرکے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی نشاندہی کا عمل مکمل کرلیا ہے، سندھ میں مقیم 2 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کی نشاندہی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔ خیبرپختونخوا میں مقیم 3 لاکھ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں میں سے رضاکارانہ طور پر واپس نہ جانے والوں کو ہولڈنگ سنٹروں میں منتقل کیا جائیگا۔

اس کے علاوہ پنجاب اور بلوچستان میں بھی غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی بے دخلی کے لیے آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے اور ان کا ڈیٹا اسکیننگ سے چیک کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ افغان شہریوں کا وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، اور حکومتی احکامات کے پیشِ نظر طورخم اور چمن بارڈر سے روزانہ ہزاروں افغان باشندے اپنے وطن واپس جا رہے ہیں۔

ریکارڈ کے مطابق 31 اکتوبر کو 21 ہزار 536 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے، جن میں 7 ہزار 292 مرد، 5 ہزار 280 خواتین اور 8 ہزار 964 بچے شامل ہیں۔  افغانستان روانگی کے لیے 319 گاڑیوں میں 883 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی اور یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔

واضح رہے اب تک کل ایک لاکھ 26 ہزار 27 افغان پناہ گزینوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔

غیر ملکیوں کی شکایات کے لیے ہیلپ لائن

پاکستانی وزارت داخلہ نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے حوالے سے شکایات کے لئے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے، غیر ملکی شہری انخلا کے حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایت مندرجہ ذیل ٹیلی فون نمبرز پر درج کرواسکتے ہیں۔ لوگ بھی ان نمبروں پر غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے بارے میں معلومات بھی دے سکتے ہیں۔

غیر ملکیوں کی شکایات کے لیے ہیلپ لائن کے نمبر:
051111367226 اور 0519211685

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp