21 اکتوبر کو مسلم لیگ نواز کے قائد میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد ملک میں سیاسی منظرنامہ بدل گیا ہے اس دوران مرکز کی بڑی سیاسی جماعتوں نے بھی عام انتخابات کے لیے کمر کس لی ہے۔ اس دوران بلوچستان میں بھی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کا وقت آگیا ہے۔ صوبے کی اہم سیاسی و قبائلی شخصیات مرکز کی جماعتوں کا دامن تھام رہی ہیں ایسے میں مسلم لیگ نواز نے بھی صوبے میں انٹری لے لی ہے۔
مزید پڑھیں
مسلم لیگ نون کے سینیئر مرکزی رہنما ایاز صادق دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے بلوچستان کے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
سابق وزرا کی ملاقاتیں
ملاقاتوں میں بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزرا سردارعبدالرحمان کھیتران، محمد خان لہڑی، کریم نوشیروانی، مجیب الرحمان محمد حسنی ، مسعود لونی اور رکن صوبائی اسمبلی ربابہ بلیدی اور سابق صوبائی وزیر نواب جنگیز مری شامل تھے۔ جب کہ سابق وفاقی وزیر دوستین ڈومکی بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔
اس موقع پر مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما سردار یعقوب ناصر، صوبائی صدر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل اور سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی بھی ملاقات کے دوران شریک تھیں ۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کی قیادت نے بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں کی نون لیگ میں شمولیت کا ٹاسک ایاز صادق کو سونپا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کرنے والے رہنماؤں کی مسلم لیگ نون میں شمولیت متوقع ہے۔