بھارت میں جاری آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ کے 32 میچز مکمل ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز کھیلے گئے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 190 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی ہے جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ کا نیٹ ریٹ بھی کافی نیچے آیا ہے جو کہ افغانستان اور پاکستان کی ٹیموں کے سپر فور مرحلے تک رسائی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ کا 33واں میچ آج بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق دن 01:30 بجے وانکھیڈے کرکٹ اسٹیڈیم ممبئی، مہاراشٹر میں آمنے سامنے ہوں گی۔
ممبئی میں دونوں ٹیمیں 12 سال بعد آمنے سامنے ہوں گی۔ اس سے پہلے اس میدان پر دونوں ٹیموں کے درمیان 2011 کے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ کا فائنل مقابلہ کھیلا گیا تھا جس میں بھارت نے مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں سری لنکا کو شسکت دے کر دوسرا ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر
رواں ورلڈ کپ میں میزبان بھارت اب تک ناقابل شکست ہے، انہوں نے اب تک پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، بنگلہ دیش، افغانستان اور افغانستان کو شکست دی ہے۔
لنکن ٹائیگرز رواں ورلڈ کپ میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے اور اب تک انہوں نے نیدر لینڈز اور انگلینڈ کی ٹیموں کو شکست دی ہے جبکہ پاکستان، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان کے خلاف میچز ہارے ہیں۔
ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ
دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 167 ایک روزہ میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے بھارت نے 98 جبکہ سری لنکا نے 57 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے، ایک میچ برابر جبکہ 11 میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
پچ رپورٹ
وانکھیڈے کرکٹ اسٹیڈیم ممبئی، مہاراشٹر کی پچ پر ہمیشہ سے بیٹرز کے لیے جنت تصور کی جاتی ہے۔ اس پچ پر رواں ورلڈ کپ کے دو میچز ہوئے اور دونوں میچز میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ایک میچ میں 399 جبکہ دوسرے میچ میں 382 رنز بنائے۔

اس پچ پر کھیلے گئے آخری 20 ایک روزہ میچوں کا اوسط اسکور 258 رنز ہے جبکہ اس پچ پر 83 فیصد وکٹیں فاسٹ بولرز نے حاصل کر رکھی ہیں۔
موسم کی صورتحال
ممبئی میں آج میچ کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد ہوگا اور میچ کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال
آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں 32 میچز مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر میزبان بھارت 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ سری لنکا کی ٹیم 04 پوائنٹس کے ساتھ 07 ویں پوزیشن پر ہے۔

بھارت اب تک اس میگا ایونٹ میں ناقابل شکست ہے اور اگر آج بھارت نے سری لنکا کو شکست دے دی تو بھارتی ٹیم ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔
بھارت کا اسکواڈ
روہت شرما (کپتان)، ہارڈک پانڈیا ، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، رویندرا جدیجا، شاردل ٹھاکر، جسپریت بمراہ، محمد سراج، کلدیپ یادو، محمد شامی، روی چندرن ایشون، ایشان کشن، سوریا کمار یادیو۔
سری لنکا کا سکواڈ
کوسل مینڈس (کپتان) ، کوسل پریرا، پاتھم نسانکا، لاہیرو کمارا، دیموتھ کرونارتنے، چمیکا کرونارتنے، سدیرا سماراویکرما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، مہیش تھیکشانا، دونتھ ویلالگے ، کسون راجیتھا، اینجلو میتھیوز، دلشن مدھو شنکا، دوشان ہیمناتھا۔














