’آپ گرے نہیں برباد ہو چکے ہیں‘، پی آئی اے کی پوسٹ پر دل جلوں کا شکوہ

جمعرات 2 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 پی ایس اونے گزشتہ ہفتے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو فیول کی فراہمی روک دی تھی جس کے نتیجے میں پی آئی اے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا تھا۔

 پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی شروع کر دی جس کے بعد پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال ہو گیا جبکہ آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پی آئی اے نے اپنی فلائٹ آپریشن کی بحالی کا پیغام پوسٹ کیا جس کے بعد صارفین نے جواب میں ان کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔

پی آئی اے نے فلائٹ آپریشن کی بحالی کا پیغام دیتے ہوئے لکھا میں کئی بار گرا ہوں، لیکن میں نے ہمیشہ خود کو اٹھایا ہے۔ میں ٹوٹا نہیں ہوں۔ میری ناکامیاں ہی مجھے پہلے سے زیادہ مضبوط بناتی ہیں۔

پی آئی اے کی جانب سے پوسٹ کرنے کی دیر تھی کہ دل جلے صارفین ان پر پھٹ پڑے اور خوب تنقید کا نشانہ بنایا، ایک دل  جلے صارف نے جواب دیتے ہوئے لکھا آپ گرے نہیں ہیں بلکہ برباد ہوچکے ہیں اور مسلسل قوم کی بربادی کا ساماں کیے جارہے ہیں۔آپ کا مجموعی خسارہ 713 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔آپ کی کوئی چیز اب قابل فخر نہیں بلکہ باعثِ ندامت ہے۔آپ کو قوم سفید ہاتھی کہتی ہے جسے اُن کے خون سے پالا جارہا ہے۔

 


ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کاش جب “گِرے” تھے تب شرمندگی کا بھی اعلان کرنا تھا۔
35 پلین 20 ہزار کی نفری سے چلائے نہیں جا رہے اور گھاٹا الگ جبکہ تُرک 200 پلین سیم نفری سے چلا رہے اور مال بھی بنا رہے ہیں، فخر کس بات کا سمجھ سے باہر ہے۔


صارفین کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری ہی اب واحد حل ہے ، ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ایک ائیر لائن کو کبھی گرنے کا لفظ استعمال نہیں کرنا چاہیے چاہے وہ مارکیٹنگ کے لیے ہو یا کوئی بھی وجہ ہو، اس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل سکتا ہے۔


واضح رہے کہ پی ایس او حکام کے مطابق پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند نہیں کی گئی تھی بلکہ فراہم کردہ فہرست کے مطابق فلائٹس کے لیے فیول فراہم کیا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp