کیا ملک بھر کے تعلیمی بورڈز مارکنگ سسٹم ختم کر رہے ہیں؟

جمعہ 3 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ روز سے ایک خبر کافی زیادہ گردش کر رہی ہے جس میں یہ کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کے تمام تعلیمی بورڈز امتحانات میں مارکنگ سسٹم کو ختم کر رہے ہیں اور اس کے متبادل گریڈ سسٹم کو متعارف کرایا جائے گا۔

کیا یہ خبر واقعی درست ہے اور اگر ایسا ہے تو نیا نظام کب شروع ہوگا؟

ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ اکیڈمکس، فیڈرل بورڈ مرزا علی نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر بالکل درست ہے کہ ملک میں مارکنگ سسٹم کے بجائے گریڈنگ سسٹم بحال ہونے جا رہا ہے اور اس حوالے سے نوٹیفیکیشن انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

گریڈز کے ساتھ سی جی پی اے بھی ہوگا

ڈائریکٹر مرزا علی نے کہا کہ نوٹیفیکیشن میں اس بات کو واضح کیا گیا ہے کہ ملک کے تمام تعلیمی بورڈز 2024ء سے مارکنگ سسٹم ختم کر کے گریڈ سسٹم کا آغاز کریں اور آئندہ برس تمام طلبہ کو رزلٹ کارڈز گریڈ سسٹم کے تحت جاری کیے جائیں اور گریڈ کے ساتھ سی جی پی اے بھی دیا جائے۔

فیڈرل بورڈ نے فیصلہ قبول کرلیا

مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ باقی بورڈز گریڈ سسٹم کا آغاز کب کریں گے لیکن فیڈرل بورڈ اس فیصلہ کو قبول کر چکا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہر مضمون میں نمبروں کی جگہ فیصد ہوگی جس کی بنیاد پر گریڈز ہونگے اور پھر مجموعی طور پر ہر مضمون کی فیصد کے مطابق سی جی پی اے ہوگا جس کا فائدہ ہمارے امتحانات کے نظام کو بھی ہوگا۔

متفقہ فیصلہ کا مقصد نظام تعلیم کی بہتری ہے

اس حوالے سے فیڈرل ڈائیریکٹوریٹ کے سابق ڈپٹی ڈائیریکٹر چوہدری گلزار احمد نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آئی بی سی سی گورنمنٹ کا اداراہ ہے جس میں ملک بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمین ہوتے ہیں اور وہ متفقہ رائے سے فیصلہ کرتے ہیں اور جو بھی فیصلہ کیا جاتا ہے وہ ایجوکیشن سسٹم کی بہتری اور اس کو اپ گریڈ کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔

طلبہ اور ملک کی بہتری کے لیے اچھا فیصلہ کیا گیا

چوہدری گلزار احمد کا کہنا تھا کہ اس فیصلے میں طلبہ اور ملک کے تعلیمی نظام دونوں کے لیے بہتری ہے، یہ فیصلہ یقیناً ایک اچھا قدم ہے، ماضی میں بھی تعلیمی نظام میں مثبت تبدیلیاں ہوتی رہی ہیں جیسا کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے اکھٹے امتحانات کے بجائے انہیں الگ کیا گیا۔ نئے نظام سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم یونیورسٹیوں میں گریڈنگ اور سی جی پی اے سسٹم کی طرح ہی ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp