نومولود فلسطینی بچے جان کی بازی ہار رہے ہیں اور دنیا خاموش ہے، عرفان پٹھان فلسطینیوں کے لیے بول پڑے

جمعہ 3 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی افواج غزہ کی پٹی پر اپنے حملوں میں آئے روز اضافہ کر رہی ہیں اور فلسطینیوں کو راستے سے ہٹانے کی بھر پور کوشش میں مصروف ہیں۔ ان حالات اور جنگ کے ماحول پر پوری دنیا اور خاص طور پر مسلمانوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ آئے روز دنیا بھر سے جنگ بندی کا مطالبہ بڑھتا ہوا نظر آرہا ہے۔

سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر غزہ میں جاری بمباری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےلکھا  کہ وہ بطور کھلاڑی صرف اپنی آواز اٹھا سکتے ہیں لیکن اب وقت آگیا ہے کہ عالمی رہنما متحد ہو جائیں اور اس بے رحمانہ قتل کو ختم کریں۔

بھارتی صارفین کی جانب سے سخت رد عمل کے ڈر سےعرفان پٹھان نے اپنی پوسٹ میں کمنٹ سیکشن کو بند کرتے ہوئے لکھا کہ غزہ میں روزانہ نومولود بچوں سے لے کر 10 سال کی عمر تک کے معصوم بچے جان کی بازی ہار رہے ہیں اور دنیا خاموش ہے۔

عرفان پٹھان نے اقوام متحدہ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک کھلاڑی ہونے کے ناطے میں صرف آواز اٹھا سکتا ہوں لیکن اب وقت آگیا ہے کہ عالمی رہنما متحد ہو جائیں اور اس بے رحمانہ قتل عام کو ختم کریں‘۔

اگرچہ عرفان پٹھان نے اپنا کمنٹ سیکشن بند کیا ہے لیکن سوشل میڈیا صارفین ان کی اس پوسٹ کو ری پوسٹ کرتے ہوئے خوب سراہتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

پاکستانی اداکارہ اُشنا شاہ نے عرفان پٹھان کی اس پوسٹ کو ری پوسٹ کیا اور لکھا کہ ’یہ لکھنے کے لیے گردہ چاہیے میرے بھائی‘۔

حمزہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’مجھے عرفان پٹھان کی حفاظت کی فکر ہورہی ہے کیونکہ اس پوسٹ پر بھارت سے جو ردعمل آرہا ہے وہ بہت خطرناک ہے۔ انہوں نے عرفان پٹھان کو محبت کا پیغام دیتے ہوئے لکھا کہ اپنا خیال رکھیے گا، ہم آپ کے ساتھ ہیں‘۔

ایکس صارف نے عرفان پٹھان کی پوسٹ کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’اس پوسٹ پر بھارتی رد عمل کو دیکھ کر میں ایک بار پھر قائد اعظم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں‘۔

ماہم گیلانی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ عرفان پٹھان کی بہت عزت کرتی ہیں۔ انہوں نے وہ اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔ فلسطین کے لیے آواز اٹھانے کا شکریہ۔

فیضان خان نے بھارتی فاسٹ بولر کی پوسٹ کو ری پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ عرفان پٹھان کی پوسٹ پر بھارتیوں کے رد عمل کو دیکھ کر آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ انہیں کیوں بھارت میں اپنے بچاؤ کے لیے پاکستان کے خلاف بولنا پڑتا ہے۔ محمد شامی نے بھی گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف 05 وکٹیں لینے کے بعد سجدہ کرنے سے اجتناب کیا تھا‘۔

عرفان پٹھان کی پوسٹ پر بھارتی شائقین کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آرہا ہے فاسٹ بولر اس وقت سخت تنقید کی زد میں ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp