پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر فخر زمان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔
ذکا اشرف نے نیوزی لینڈ کے خلاف اہم میچ میں فخر زمان کی 126 رنز کی ناقابل شکست اننگز کو سراہا۔
ذکا اشرف نے شاندار کارکردگی پر فخر زمان کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر ذکا اشرف نے کہاکہ امید ہے آپ آئندہ میچوں میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے آج کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے دی ہے جس کے بعد قومی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔
آج کے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 402 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جس کے جواب میں پاکستان نے جارحانہ اننگز کا آغاز کیا۔
پاکستان کی اننگز کے دوران پہلی بار جب بارش کے باعث میچ روکنا پڑا تو پاکستانی ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 10 رنز کی برتری تھی۔
بارش کے بعد کھیل کا دوبارہ آغاز ہوا تو میچ کو 41 اوورز تک محدود کر کے پاکستان کو 342 رنز کا ہدف دیا گیا۔
اس دوران فخر زمان اور بابر اعظم نے جارحانہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور 25.3 اوورز میں اسکور کو 200 تک لے گئے اور یوں ایک بار پھر بارش شروع ہو گئی جس کے باعث پاکستان کو 21 رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔