بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ 2023 زور و شور سے جاری ہے اور پاکستان اب بھی سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہے۔ پاکستان اپنے اہم ترین میچ ہارنے کے باوجود اگر سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہے تو اس کے لیے اب اکثر کہا جا رہا ہے کہ ’ قدرت کا نظام چل گیا ہے‘۔
یہ بات بھی درست ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ چند سالوں میں اپنی صلاحیتوں میں بہت نکھار پیدا کیا ہے کیونکہ قومی ٹیم مختلف ٹورنامنٹس میں فائنل اور سیمی فائنل جیسے کئی اہم مراحل تک پہنچی ہے ۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، محمد رضوان اور دیگر کھلاڑیوں نے ایک بار پھر کرکٹ ٹیم کو دُنیا میں فیورٹ بنا دیا ہے۔ ٹیم میں بھائی چارے اور مل کر کھیلنے کے جذبے کی فضا بھی ہے جسے مداحوں کی طرف سے تعریف ملتی ہے۔
پاکستان کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ حال ہی میں سابق کرکٹر شعیب اختر کے ایک شو میں مہمان تھیں، جہاں شعیب اختر نے ان سے سوال پوچھا کہ آپ کے خیال میں قومی کرکٹ ٹیم کو اپنے آپ میں کیا تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔
اس سوال کے جواب میں اُشنا شاہ نے انتہائی دلچسپ جواب دیا۔اُشنا شاہ کا کہنا ہے کہ کہ پبلک ریلیشن ’پی آر‘ کے نقطہ نظر سے قومی کرکٹ ٹیم مذہبی زاویے سے بہت اچھا کام کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں یہ نہیں کہتی کہ یہ زاویہ غلط ہے، یہ ایک اچھی بات ہے اس کے لیے میں یہی کہوں گی کہ کھلاڑیوں کی جانب سے دکھایا گیا بھائی چارہ اور یہ کہ سب کچھ اللہ کی ذات ہی ہے اس کے علاوہ ایک ٹیم کے طور پر دکھایا جانے والا جذبہ یہ سب بالکل بھی برا نہیں ہے۔
اُشنا شاہ نے کہا کہ وہ اس سب کے خلاف تو نہیں ہیں لیکن پھر بھی قومی ٹیم کو یقین کرنا چاہیے کہ پبلک ریلیشن (پی آر) ہی اچھا ہے۔ اُشنا شاہ نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم اپنی پی آر مذہبی زوایے (اینگل) سے بڑھا رہی ہے۔ اشنا شاہ کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین سخت تنقید بھی کر رہے ہیں۔