کرکٹ ورلڈکپ 2023: بنگلہ دیش کی سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست

پیر 6 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا 38واں میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی، بنگلہ دیش نے سری لنکا کا 280 رنز کا ہدف 41.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ بنگلہ دیش نے سری لنکا سے جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر 7 ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

سری لنکا کے 280 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا میں بنگلہ دیش کے اوپنر بیٹر تنزید حسن 17 رنز کے مجموعی اسکور پر مدھو شنکا کی گیند پر نسنکا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ 41 کے مجموعی اسکور پر گری جب لٹن داس 23 رنز بنا کر مدھوشنکا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

بنگلہ دیش کی تیسری وکٹ 210  کے مجموعی اسکور پر گری جب شکیب الحسن 82 رنز کے انفرادی اسکور پر میتھیوز کی گیند پر اسالنکا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔  چوتھی وکٹ بھی فوری 211 کے مجموعی اسکور پر گری جب نجم الحسن شانتو 90 رنز بنانے کے بعد میتھیوز کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی پانچویں وکٹ 249 کے مجموعی اسکور پر گری جب مشفق الرحیم محض 10 رنز بنانے کے بعد مدھوشنکا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، چھٹی وکٹ 255  کے مجموعی اسکور پر گری جب محمود اللہ 22 رنز بنانے کے بعد مہیش تھیکشنا کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے، بنگلہ دیش کی ساتویں وکٹ  269  کے مجموعی اسکور پر گری جب مہدی حسن میراز 3 رنز بنانے کے بعد مہیش تھیکشنا کی گیند پر اسالنکا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

 

بنگلہ دیش کی طرف سے توہید ہردوئے نے 15 اور تنظیم حسن ثاقب نے 5 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے، سری لنکا کی طرف سے سب سے عمدہ بولنگ دلشان مدھوشنکا نے کی انہوں نے 69 رنز دے کر بنگلہ دیش کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مہیش تھیکشنا اور اینجلو میتھیوز نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا 38واں میچ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ بنگلہ دیش نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹاس کے موقع پر بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ ہم توقعات پر پورا نہیں اترے، ٹیم میں 1 تبدیلی کی ہے۔ سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ ہم ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے، ہم نے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ 5 رنز پر گری جب کوشل پریرا ایک چوکے کے بعد وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سری لنکا کی دوسری وکٹ 66 رنز پر گری جب کوسل مینڈس 19 رنز بنا کر شکیب الحسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 72 رنز پر گرنے والی تیسری وکٹ اوپنر پتھم نسانکا کی تھی، جب وہ نصف سینچری سے قبل 41 رنز بنا کر تنزید حسن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

135 رنز پر چوتھے آؤٹ ہونے کھلاڑی سدیرا سماراویکراما تھے، جو 41 رنز بناکر شکیب الحسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پانچویں وکٹ اینجلو میتھیوز کی تھی جو ’ٹائم آؤٹ‘ ہوئے اور کرکٹ تاریخ کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں جو ’ٹائم آؤٹ‘ پر آؤٹ ہوئے ۔

سری لنکا کی چھٹی وکٹ 213 کے مجموعی اسکور پر گری جب دھننجایا ڈی سلوا 34 رنز پر مہدی حسن میراز کی گیند پر مشفیق الرحمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ساتویں وکٹ 258 کے مجموعی اسکورپر گری جب مہیش تھیکشنا 21 رنز بنانے کے بعد شرف الاسلام کی گیند پر ناسم احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔

سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 278 کے مجموعی اسکور پر گری جب چرتھ اسالنکا سب سے عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد 108 کے انفرادی اسکور پر تنظیم حسن ثاقب کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ان کی انگزمیں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

سری لنکا کی نویں وکٹ 278 کے مجموعی اسکورپر گری جب کسون راجیتھا صفر پر تنظیم حسن ثاقب ہی کی گیند پر لِٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، دسویں اور آخری وکٹ 279 کے مجموعی اسکورپر گری جب اوو چمیرا 4 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے، دلشان مدھوشنکا صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے تنظیم حسن ثاقب سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے مقررہ 10 اوورز میں 80 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شرف الاسلام اور شکیب الحسن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مہدی حسن میراز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ورلڈ کپ میں کس کا پلڑا بھاری؟

ورلڈ کپ 2023 میں سری لنکا 7 میچز میں سے 2 جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ 7ویں نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے 7 میچز میں سے 1 میں کامیابی حاصل کی ہے، اور وہ 2 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر 9ویں نمبر پر ہیں۔

دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں لیکن پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں پوزیشن برقرار رکھنے کی کوشش کریں گی تاکہ 2025 میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئن ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرسکیں۔

دونوں ٹیمیں ون ڈے کرکٹ میں 53 بار آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں سے سری لنکا نے 42 جبکہ بنگلہ دیش نے 9 میچز میں فتح پائی جبکہ 2 میچ بنا نتیجے کے ختم ہوئے۔

ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے 4 میچوں میں بنگلہ دیش اور سری لنکا آمنے سامنے آئے، جن میں سےسری لنکا کو 3 میں کامیابی ملی اور ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔ بنگلہ دیش اپنے پچھلے پانچوں میچ ہارا جبکہ سری لنکا نے صرف 2 میں کامیابی سمیٹی۔

ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم ، دہلی

پچ اور موسم کی صورتحال

دہلی میں مجموعی طور پر موسم کی صورتحال خراب ہے۔ دونوں ٹیموں نے شدید فضائی آلودگی کی وجہ سے طے شدہ پریکٹس سیشن منسوخ کر دیے تھے۔

بنگلہ دیش اسکواڈ

لٹن داس، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو، مشفق الرحیم (وکٹ کیپر)، محمود اللہ، شکیب الحسن (کپتان)، مہدی حسن میراز، توحید ہردوئے، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، شرف الاسلام۔

سری لنکا اسکواڈ

پتھم نسانکا، کوشل پریرا/دیمتھ کرونارتنے، کوسل مینڈس (کپتان، وکٹ کیپر)، سدیرا سماراویکراما، چارتھ اسالنکا، اینجلو میتھیوز دشن ہیمانتھا مہیش تھیکشانا، کسن راجیتھا، دشمنتھا چمیرا، دلشان مادوشنکا

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp