فیکٹ چیک:کیا بابر اعظم نے بھارت میں شیروانی خریدی؟ اصل حقیقت کیا؟

پیر 6 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ان دنوں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ 2023 میں شرکت کے لیے بھارت میں موجود ہیں۔ گزشتہ کئی روز سے بھارتی میڈیا کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے حوالے سے دعوٰی کیا جا رہا ہے کہ بابر اعظم نے اپنی شادی کے لیے بھارت کے معروف سلیبریٹی فیشن ڈیزائنر ‘سبیاساچی’ کی شیروانی خریدی ہے جس کی مالیت 7 لاکھ بھارتی روپے ہے۔

اس کے علاوہ بھارتی میڈیا کا یہ بھی کہنا تھا کہ بابر نے اس اہم ٹورنامنٹ کے دوران ناصرف شیروانی بلکہ شادی کے لیے جیولری بھی خریدی ہے جب کہ کرکٹر کی شادی رواں برس کے آخر میں دسمبر میں ہوگی۔

کھلاڑیوں کے ایجنٹ کے طور پر کام کرنے والی پی آر کمپنی سایا کارپوریشن نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئےانہیں من گھڑت قرار دیا ہے۔

ایکس پر جاری بیان میں سایا کارپوریشن کا کہنا ہے کہ بابراعظم کی بھارت میں شیروانی اور زیورات کی خریداری کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، یہ خبریں خود بابر اعظم کے لیے بھی حیران کُن ہیں۔

انہوں نے اس حوالے سے چلنے والی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو غلط خبریں اور من گھڑت پروپیگنڈا کرنے سے پہلے زمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حقائق جانچ لینے چاہیے ہیں۔

سایا کارپوریشن کے اس بیان کو بابر اعظم نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے ’ری پوسٹ‘ بھی کیا ہے۔

یاد رہے کہ کچھ ماہ قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ بابر اعظم ورلڈکپ کے بعد اپنی کزن سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے لیکن بعدازاں کرکٹر سمیت ان کے والد اور مینیجر نے ان خبروں کی تردید کردی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp