ورلڈ کپ سپر فور مرحلے تک رسائی کی جنگ: آسٹریلیا اور افغانستان آج آمنے سامنے

منگل 7 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں جاری آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ کے 38 میچز مکمل ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 03 وکٹوں سے شکست دی ہے۔

آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2023 کا 39 واں میچ آج آسٹریلیا اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کی سپر فور مرحلے تک رسائی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں رواں ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے پہلے سے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں جب کہ تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے پاکستان، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان کڑا مقابلہ ہے۔

آسٹریلیا اور افغانستان کی ٹیمیں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ 2023 کے 39 ویں میچ میں آج وانکھیڈے کرکٹ اسٹیڈیم، ممبئی میں پاکستانی وقت کے مطابق دن 01:30 آمنے سامنے ہوں گی۔

ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر

رواں ورلڈ کپ میں افغانستان کی ٹیم نے سب سے زیادہ متاثر کُن کارکردگی دکھائی اور اب تک 07 میچز کھیل کر 04 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ افغان ٹیم نے پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ اور نیدر لینڈز کو شکست دی ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم نے ابتدائی میچز میں خراب کارکردگی کے مظاہرہ کرنے کے بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے مسلسل 05 میچز جیتے ہیں۔ آسٹریلین ٹیم کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے جبکہ پاکستان، سری لنکا، نیدر لینڈز ،نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف میچز میں کامیاب رہی ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 03 ایک روزہ میچز کھیلے جاچکے ہیں اور تینوں میچز میں ہی آسٹریلین ٹیم نے افغانستان کی ٹیم کو شکست دی ہے۔

پچ رپورٹ

اس میچ کے لیےوانکھیڈے کرکٹ اسٹیڈیم، ممبئی میں نئی پچ تیار کی گئی ہے جو کہ بیٹرز کے لیے انتہائی سازگار ہوگی جبکہ دوسری اننگز میں فلڈ لائٹس کے نیچے فاسٹ بولرز کو مدد مل سکتی ہے۔

وانکھیڈے کرکٹ اسٹیڈیم ممبئی، مہاراشٹر (بھارت)

رواں ورلڈ کپ میں اس گراؤنڈ پر 03 میچز کھیلے گئے جن میں پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیموں کا سب سے کم اسکور 357 جب کہ زیادہ سے زیادہ اسکور 399 رنز ہے۔

اس گراؤنڈ پر کھیلے گئے آخری 20 ایک روزہ میچز میں پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیموں کا اوسط اسکور 260 رنز ہے جبکہ 83 فیصد وکٹیں فاسٹ بولرز کے حصے میں آئی ہیں۔

موسم کی صورتحال

ممبئی میں آج میچ کے دوران درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ہوگا۔

پوائنٹس ٹیبل کی تازہ ترین صورتحال

آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں 38 میچز مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسری جبکہ افغانستان کی ٹیم 08 پوائنٹس کے ساتھ 06 ویں پوزیشن پر ہے۔

آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں 38 میچز مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال

آسٹریلیا کا اسکواڈ

پیٹ کمنز (کپتان)، اسٹیو اسمتھ، الیکس کیری، جوش انگلیس، سین ایبٹ، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبوشینگ، مچل مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ وارنر، ایڈم زمپا، مچل اسٹارک۔

افغانستان کا اسکواڈ

حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، ریاض حسن، رحمت شاہ، نجیب اللہ زدران، محمد نبی، اکرام علی خیل، عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان، مجیب الرحمان، نور احمد، فضل الحق فاروقی، عبدالرحمن، نوین الحق۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp