صوبہ خیبرپختونخوا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ میں تیز ہواؤں، بارشوں اور برف باری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ 10 نومبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری مراسلے میں تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں درجہ حرارت میں 2 سے 3 سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی اور بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور برساتی نالوں کی نگرانی کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ طوفان کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔
حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر اپنانے جبکہ ان اضلاع کی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اورسڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لیے متبادل راستے فراہم کریں، حساس علاقوں میں اور قومی شاہراہوں پرمسافروں اور سیاحوں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔
پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ حکام بوقت ضرورت لوگوں کومحفوظ انتظار گاہوں کی جانب منتقل کریں اور اس دوران ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائیں جبکہ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔