کیا وسیم اکرم ’ریپ سنگر‘ بن گئے؟

منگل 7 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اپنے کیریئر میں سوئنگ کے سلطان رہے ہیں لیکن ان کی حالیہ وائرل ہونے والی ویڈیو کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اب ان کا رجحان گلوگاری کی طرف بڑھتا جارہا ہے اور جلد ہی وہ پاکستان کے نئے ‘ریپ سنگر’ بن جائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سابق کپتان کی ایک ویڈیو کلپ اس وقت وائرل ہے جس میں وہ نجی ٹی وی اے آر وائی کے ورلڈ کپ کے حوالے سے نشر ہونے والے شو میں ‘ریپ سونگ’ گاتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔

وائرل کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پروگرام کے دوران سوشل میڈیا پر ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے میزبان فخر عالم کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ایک بہت اچھے میزبان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے ‘ریپ سنگر’ بھی ہیں اور ان کو ان کا مشہور ریپ گانا ‘آؤ جی آؤ بھنگڑا پاؤ ‘بہت پسند ہے۔ صارف نے فرمائش کرتے ہوئے فخر عالم سے کہا کہ وہ وسیم اکرم کی شاعری پر کچھ ‘ریپ’ گائیں۔

صارف کی فرمائش پر فخر عالم نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وسیم اکرم کی شاعری بہت اعلیٰ قسم کی ہے اس پر ‘ریپ’ نہیں ہوسکتا۔ میں اس شاعری کے ساتھ کوئی رسک نہیں لے سکتا۔

میزبان فخر عالم اور سابق کپتان وسیم اکرم کی اس نوک جھونک کے دوران وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ‘آج کل ہر کوئی ریپ ہی گا رہا ہے’ جس کے بعد وسیم اکرم نے ایک ‘ریپ گانا’ گا کر آج کل کے گانوں پر طنز کرتے ہوئے ماحول خوشگوار بنا ڈالا۔

‘ریپ سونگ گانے کے بعد سابق کپتان کا کہنا تھا کہ’ آج کل گانوں میں تو بس یہی ہوتا ہے اور یہ گانا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کا کہنا تھا کہ اگر وسیم اکرم ‘ریپ’ گانے گانا شروع کردیں تو یقینا ان کا مستقبل کافی روشن ہوگا، جبکہ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ اس دور کے سب سے اچھے ریپ سنگر ہونے کا ایوارڈ تو وسیم اکرم کو ملنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp