معروف بھارتی مسلمان اداکار نصیرالدین شاہ نے کہا ہے، ان کے بعض دوست کہتے ہیں کہ تمھارا طبقہ بھارت میں رہنے کے قابل نہیں ہے۔
اپنی آنے والی ویب سیریز’ تاج ‘ کی پروموشن کے سلسلہ میں ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نصیرالدین شاہ کا کہنا تھا کہ میڈیا کا ایک مخصوص حصہ ملک میں نفرت کی آگ بھڑکانے میں مصروف ہے۔ اور ان کے بعض دوست کہتے ہیں ، تمھارا طبقہ بھارت میں رہنے کا اہل نہیں ہے۔
سینئیر بھارتی اداکار نے کہا کہ مذہب کو ماننے والوں کی تعداد ان لوگوں سے کہیں زیادہ ہے جو مذہب کو نہیں مانتے۔ آپ عقیدے سے متعلق دلائل نہیں دے سکتے۔
’’ میں اپنے بعض ایسے دوستوں کو جانتا ہوں ، جن کا کہنا ہے کہ آپ کا پورا طبقہ اس ملک میں رہنے کے قابل نہیں ہے۔ اس کے باوجود میری ان دوستوں سے دوستی برقرار ہے۔ میں جانتا ہوں کہ یہ لوگ سیاسی وجوہات کی بنیاد پر ایسا کہتے ہیں ۔ تاہم میں اپنے آپ کو کسی مذہب سے نتھی نہیں کرتا ۔ میرا ایمان فطری انسانی بھلائی پر قائم ہے۔‘‘
واضح رہے کہ نصیرالدین شاہ اکثراس موضوع پر گفتگو کرتے ہیں کہ کس طرح مذہب کی بنیاد پر نفرت پورے بھارت میں پھیل رہی ہے۔