شبھمن گل نے بابراعظم سے نمبر ون کا اعزاز چھین لیا، شاہین آفریدی پہلے سے پانچویں نمبر پر

بدھ 8 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کی پلیئرز رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق پاکستانی کپتان بابر اعظم سے نمبر ون پوزیشن چھن گئی ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے سنسنی خیز بلے باز شبھمن گل نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے نمبر ایک ون ڈے بلے باز کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

آئی سی سی مینز بیٹنگ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آنے کی وجہ شبھمن گل کی آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں متاثر کن کارکردگی ہے۔ وہ سچن ٹنڈولکر، مہندر سنگھ دھونی اور ویرات  کوہلی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے یہ باوقار اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ شبھمن گل 41 اننگز کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کرنے والے دوسرے تیز ترین بھارتی کھلاڑی بنے ہیں، اس سے قبل مہندر سنگھ دھونی نے 38 اننگ کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

شبھمن گل نے سری لنکا کے خلاف 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور جنوبی افریقہ کے خلاف 23 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹورنامنٹ میں 6 اننگز میں مجموعی طور پر 219 رنز بنائے ہیں۔ اس کے برعکس پاکستان کے کپتان اور سابق نمبر ون بلے باز بابر اعظم ٹاپ ریٹڈ بلے باز کی حیثیت سے اپنی حکمرانی برقرار نہیں رکھ سکے۔ ورلڈ کپ میں آٹھ اننگز میں 282 رنز بنانے کے بعد وہ تخت پر اپنی گرفت کھو بیٹھے اور گل سے 6 ریٹنگ پوائنٹس نیچے گر گئے اور اب وہ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ اس سے پہلے بابر اعظم نے 14 اپریل 2021 کو ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑا تھا اور پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

ویرات کوہلی بھی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، اور بھارتی کپتان روہت شرما چھٹے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔

محمد سراج نے شاہین شاہ آفریدی کو پیچھے چھوڑ دیا

بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج نے ون ڈے بولرز کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے، جس نے کرکٹ کی دنیا میں بھارت کی پوزیشن کو مزید مستحکم اور بلند کردیا ہے۔

محمد سراج 709 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، جب کہ جنوبی افریقا کے کیشوو مہاراج 694 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، آسٹریلیا کے ایڈم زمپا 662 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ بھارت کے کلدیپ یادیو 661 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی 658 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

آل راؤنڈر رینکنگ:

آئی سی سی آل راؤنڈرز رینکنگ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن پہلے، افغانستان کے محمد نبی دوسرے، زمبابوے کے سکندر رضا تیسرے نمبر پر ہیں۔ افغانستان کے راشد خان کا چوتھا نمبر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp