سپریم کورٹ آف پاکستان نے کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے پروفیشنل ٹیکس وصولی کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ پروفیشنل ٹیکس وصول نہیں کر سکتے، کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے وصول کردہ ٹیکس غیر قانونی ہے۔
فیصلے کے مطابق آئین کے آرٹیکل 163 کے تحت ٹیکس کی وصولی کی پوری اسکیم موجود ہے، سپریم کورٹ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے سے مکمل اتفاق کرتی ہے۔
عدالت نے پروفیشنل مد میں وصول کردہ ٹیکس واپس کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین صرف صوبائی حکومت کو ہی پروفیشنل ٹیکس کی وصولی کا اختیار دیتا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی تھی۔
فیصلے میں لکھا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے پروفیشنل ٹیکس وصولی کو غیر قانونی قرار دیا اور سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔